گڈز ٹرانسپورٹ الائنس،آئل ٹینکرز مالکان نے ملک گیر ہڑتال کی دھمکی دےدی


کراچی،لاہور:(بیورورپورٹ،کامرس رپورٹر)پٹرولیم قیمتوں کاروزانہ تعین ناقابل قبول ہے، گڈز ٹرانسپورٹ الائنس،آئل ٹینکرز مالکان نے ملک گیر ہڑتال کی دھمکی دےدی۔

پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کے تعین کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا کسی بھی وقت ملک گیر ہڑتال کی کال دی جا سکتی ہے،گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے کہا قیمتوں میں مسلسل اضافہ ٹرانسپورٹ شعبے کےلئے ناقابل برداشت ،جلد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا،دسمبر میں ہونےوالی ملک گیر ہڑتال کے دوران وفاقی ، صوبائی حکومتوں کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر فوری عملدرآمد کیا جائے بصورت دیگر احتجاجی تحریک کا دائرہ وسیع کیا جائےگا۔

دوسری جانب پاکستان آئل ٹینکرز و کنٹریکٹرز کی نمائندہ تنظیموں نے اپنے مطالبات کی منظوری کےلئے حکومت کو 72 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیتے ہوئے خبردار کیا مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کی تمام تر ذمہ داری وزارت پٹرولیم،اوگرا پر عائد ہوگی۔