فٹ بال ورلڈکپ، سوئٹزرلینڈ اور ارجنٹائن نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی

ہیوسٹن، اٹلانٹا (مشرق نیوز) فیفا ورلڈکپ کے آخری پری کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ نے کولمبیا کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ مقررہ وقت اور اضافی وقت میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں۔ سوئٹزرلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کولمبیا کو پنالٹی شوٹ آو¿ٹ میں 3-4 سے شکست دی۔ فیصلہ پنالٹی شوٹ آوٹ پر ہوا، جہاں دونوں ٹیموں کے ایک ایک سینٹر بیک اپنی کوشش میں ناکام رہے۔

ایک اور میچ میں ارجنٹائن نے مصر کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دیکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ اٹلانٹا سٹیڈیم میں کھیلے گئے ناک آوٹ میچ میں مصر کے یاسر ابراہیم نے پہلے ہاف کے 15 ویں منٹ میں ٹیم کو برتری دلائی جو ہاف ختم ہونے تک برقرار رہی، پھر 67 ویں منٹ میں مصطفی زیکو نے ایک اور گول سکور کر کے برتری کو دگنا کر دیا۔

تاہم کھیل کے 79 ویں منٹ میں ارجنٹائن کے رومیرو نے گول سکور کر کے برتری کم کی اور پھر کپتان لیونل میسی نے 83 ویں منٹ میں دوسرا گول سکور کر کے برتری ختم کر دی۔ کھیل کا وقت مکمل ہونے کے بعد 7 اضافی منٹ دئیے گئے جس کے تیسرے منٹ فرنینڈوز نے فیصلہ کن گول سکور کر کے ارجنٹائن کی جیت کو یقینی بنا دیا۔