اسلام آباد (بیورو رپورٹ) اسلامی نظریاتی کونسل کا 246 واں اجلاس چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کے زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ملکی صورتحال، قانونی امور اور عوامی مفاد کے متعدد فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں کونسل نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کیلئے پاکستان کی مخلصانہ ثالثی کی کاوشوں کو بھرپور طریقے سے سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس کے ساتھ ہی عالمی معیشت اور تجارتی روانی کیلئے آبنائے ہرمز کی بندش کے فوری خاتمے کا پرزور مطالبہ کیا گیا تاکہ پوری دنیا جس مہنگائی اور وسائل کی قلت کی صورتحال سے دوچار ہے، اس کے خاتمے میں مدد مل سکے۔ کونسل نے محرم الحرام کے پہلے عشرے کے پرامن انعقاد پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا اور اس ضمن میں سکیورٹی فورسز، قومی امن کمیٹی، صوبائی امن کمیٹیوں اور اتحاد بین المسلمین کمیٹیوں کے فعال اور مثبت کردار کی بھرپور تحسین کی۔ کونسل نے جیو ٹی وی چینل پر چلنے والے مقدس شخصیات کے خاکوں کے متعلق درج ذیل قرار داد کی منظوری دی جس میں کہا گیا کہ اسلامی نظریاتی کونسل تمام الیکٹرانک، پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز کو اس امر کی طرف متوجہ کرتی ہے کہ تمام انبیاءکرام اور خاتم النبیین حضرت محمد، خلفاءراشدین، اہل بیت، امہات المو¿منین و صحابہ کرام سے تمام اہل اسلام کی عقیدت و محبت بے پایاں ہے اور یہ عقیدت ہمارے ایمان کا بنیادی جزو ہے۔ انبیاءکرام کی شبیہ، تصویری تمثیل یا ان کی مقدس شخصیات کی نمائندگی کرنے والے کسی بھی بصری مواد کی اشاعت شرعی لحاظ سے ناجائز امر ہے جس کی اسلامی نظریاتی کونسل قبل ازیں واضح سفارش کر چکی ہے۔ لہٰذا اس عمل سے مکمل اجتناب کیا جائے تاکہ عوامی جذبات مجروح نہ ہوں اور ان پاک ہستیوں کے مقام و مرتبہ کا تقدس برقرار رہے۔جدید ڈیجیٹل میڈیا اور مصنوعی ذہانت کے اس دور میں معلومات کا پھیلاو¿ جس تیزی سے ہوتا ہے، وہاں کسی متنازع اور غیر شرعی مواد کی اشاعت کے بعد محض اسے ہٹا دینا کافی نہیں رہتا۔ پیمرا کی طرف سے اس پر نوٹس لینا خوش آئند عمل ہے تاہم اس معاملے میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ نیز اس واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ کونسل پیمرا سمیت تمام ریگولیٹری اداروں اور میڈیا ہاو¿سز سے پرزور اپیل کرتی ہے کہ وہ آزادیِ اظہار کی قانونی حدود اور مذہبی حساسیت کے درمیان ایک ذمہ دارانہ توازن برقرار رکھیں۔ اس سلسلے میں محض بعد از وقت کارروائی کے بجائے پیشگی جانچ پڑتال اور مو¿ثر ایڈیٹوریل نگرانی کا جامع نظام وضع کیا جائے جو ایسے واقعات کا مستقل سدباب کر سکے۔
اسلامی نظریاتی کونسل کا امریکہ، ایران جنگ بندی پر پاکستان کی کاوشوں کو خراج تحسین


















