خسارے کا شکار ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کاعمل تیز کیاجائے،وزیراعظم


اسلام آباد :(بیورورپورٹ)وزیر اعظم شہبازشریف نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کاعمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا خسارے کا شکار ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری حکومت کی ترجیح ، تمام عمل انتہائی شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے،ان خیالات کااظہار انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ،وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ ،وزیر خزانہ و محصولات اورنگزیب ، وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری ، مشیر وزیر اعظم برائے نجکاری ایم علی، وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی و متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسروں نے شرکت کی ۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے زرعی شعبے کے سٹیک ہولڈرز کے وفد نے ملاقات کی،شرکا نے موجودہ علاقائی صورتحال میں امن کے قیام کیلئے وزیراعظم کی قیادت میں امن کوششوں کو سراہااورحالیہ متعارف کرائی گئی سیڈ پالیسی و زرعی اصلاحات کا خیر مقدم کرتے ہوئے زرعی شعبے کیلئے گیم چینجر قراردےدیا۔

شہباز شریف نے کہا معیشت بحال کرنے میں زرعی شعبہ انقلابی تبدیلی لانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ، چینی اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز کے تعاون سے PARC کو زرعی تحقیق میں تیزی لانے کیلئے جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے،زرعی شعبے کی پائیدار ترقی و زرعی اصلاحات کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے ملک بھر سے ماہرین و متعلقہ سٹیک ہولڈرز پر مشتمل کمیٹی قائم،وفاق ،صوبوں کے درمیان موثر روابط اور وفاقی ،صوبائی پالیسیوں و ضوابط میں ہم آہنگی یقینی بنائی جائے۔

مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف سے گلوبل فنڈ کے وفد نے ملاقات کی،شہبازشریف نے کہاپاکستان گلوبل فنڈ کےساتھ شراکت داری کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ،ترقی پذیر دنیا میں صحت عامہ کو بہتر بنانے میں گلوبل فنڈ کے نمایاں کردار و تعاون کو سراہتے ہیں،پاکستان میں ہیلتھ کیئر کے نظام کی بہتری میں گلوبل فنڈ پاکستان کا انتہائی اہم شراکت دار،بیماریوں کے خاتمے کےلئے پرعزم ہے۔