لاہور: (کورٹ رپورٹر) ملک کی تمام ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کےلئے انٹرویو کمیٹیاں تشکیل دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سینئر ہونے کے باعث تمام کمیٹیوں کی رکن ہوں گی،چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے بطور چیئرمین جوڈیشل کمیشن کمیٹیوں کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کیا، نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کےلئے جسٹس سید حسن اظہر رضوی کو انٹرویو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ،چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، سینیٹر فاروق حمید نائیک، سینیٹر سید علی ظفر ،احسن بھون کمیٹی کے اراکین ہوں گے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کےلئے بھی جسٹس سید حسن اظہر رضوی کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ،کمیٹی میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ سرفراز ڈوگر، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، سینیٹر فاروق حمید نائیک، سینیٹر سید علی ظفر ،احسن بھون شامل ہیں،سندھ ہائی کورٹ کےلئے تشکیل دی گئی انٹرویو کمیٹی کی سربراہی جسٹس عامر فاروق کریں گے، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ ظفر احمد راجپوت، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، سینیٹر فاروق حمید نائیک، سینیٹر سید علی ظفر ،احسن بھون کمیٹی کے اراکین ہوں گے۔
بلوچستان ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کےلئے قائم کی گئی کمیٹی کے چیئرمین بھی جسٹس عامر فاروق ہوں گے،کمیٹی میں چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس کامران خان ملاخیل، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، سینیٹر فاروق حمید نائیک، سینیٹر سید علی ظفر ،احسن بھون بطور اراکین شامل ہیں،کمیٹیاں متعلقہ ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کےلئے امیدواروں کے انٹرویوز لےکر اپنی سفارشات متعلقہ فورم کو ارسال کریں گی۔
ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کیلئے انٹرویو کمیٹیاں قائم


















