متروکہ وقف املاک، کرپشن کے الزامات پر 2 ڈپٹی ایڈمنسٹریٹرزسمیت 5 افراد چارج شیٹ

لاہور (قاضی ندیم اقبال) ایک ارب روپے سے زائد مالیت کی حامل غیر مسلم وقف زرعی آکشن لاٹس کے عارضی پٹہ کومستقل پٹہ پر منتقل کرنے ،بعد ازاں اس پر قبضہ کر کے ناجائز تعمیرات کا معاملہ۔چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان نے دو ڈپٹی ایڈمنسٹریٹرز، ایک انسپکٹر اور دو پٹواریوں سمیت مجموعی طور پر5 افراد کو چارج شیٹ جاری کر دی۔ چارج شیٹ ہونے والوں میں اکرم جوئیہ سابق ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر لاہور،سابق ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر لاہور۔II/حال تعینات حسن ابدال،گلشاد صدیق انسپکٹر (او پی ایس) لاہور۔II،محمد اسلم پٹواری ، لاہور۔II حال تعینات ننکانہ صاحب، اورمحمد عارف پٹواری لاہور۔II /حال تعینات ملتان کے نام شامل ہیں۔چارج شیٹ کئے گئے سبھی ملازمین 10یوم میں اپنا تحریری جوان چیئر مین آفس میں جمع کروانے کے پابند بنائے گئے ہیں۔ عدم تعمیل کی صورت میں انہیں ملازمت سے برخواست کیا جا سکتا ہے۔”مشرق“ نے چارج شیٹس کی کاپی حاصل کر لی۔معتبر اورمصدقہ ذرائع کے مطابق رواں سال 2026 کے آغاز میں چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان کے روبرو صوبائی دارالحکومت کے نواحی علاقے”موضع سلطانکے تحصیل رائے ونڈ ، ضلع لاہور کی 53کنال2مرلے زرعی رقبہ پر ناجائز تعمیرات کا معاملہ سامنے آیا۔ جس پر انہوں نے ماہ فروری میںمحکمہ کی ایک خاتون آفیسر کو اس معاملہ کی انکوائری کرنے کا ٹاسک سونپا۔ خاتون آفیسر نے دیگر ملازمین، بشمول عملہ ریونیو کے ساتھ موقع ملاحظہ کیا اور محکمانہ ریکارڈ کو جانچاتو یہ بات سامنے آئی کہ موضع سلطانکے کے خسرہ گرداوری زرعی رقبہ لاٹ نمبر 2 کے 10 خسرہ جات(1326,1327,1328,1329,1330,1331, 1538,1542,2085اور2251) کی حیثیت غیر قانونی طور پر تبدیل کر دی گئی ہے۔ مذکورہ خسرہ جات زرعی آکشن رقبہ میں شمار ہوتے تھے۔ جن کی عارضی پٹہ نیلامی کرنے کی بجائے ان کو مستقل پٹہ میں تدیل کر دی اگیا ہے۔ جس کے بعد ان خسرہ جات پر ناجائز تعمیرات شروع ہوئیں۔ کمرے تعمیر کئے گئے راستہ نکالنے کے لئے سڑک بنائی گئی ، جبکہ کنال2مرلے زرعی رقبہ کے ارد گرد دیوار بھی تعمیر کر دی گئی ہے۔ریکارڈ کے جائزہ میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ اس تمام عمل کی منظوری بورڈ سے نہیں لی گئی۔ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر لاہور۔II کے ذمہ داران اور متعلقہ ماتحت ریونیو عملہ کے اس اقدام سے محکمہ کو بھاری مالی نقصان بھی پہنچا ہے۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی انکوائری رپورٹ سامنے آنے اور دفتری ریکارڈ کا تفصیلی از خود جائزہ لینے کے بعد چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان نے دو ڈپٹی ایڈمنسٹریٹرز، ایک انسپکٹر اور دو پٹواریوں سمیت مجموعی طور پر5 افراد کو الگ الگ چارج شیٹ جاری کر دی ہے۔ جس کا تحریری جواب وہ دس یوم میں داخل دفتر چیئر مین کروانے کے پابند بنائے گئے ہیں۔ذرائع متروکہ وقف املاک بورڈ کے مطابق جن افرد کو چارج شیٹ کیا گیا ہے ان میں سے ایک سابق ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر اکرم جوئیہ پہلے ہی ایک کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے ) کی حراست میں ہیں ، وفاقی تحقیقاتی ادارہ میں کیس زیر سماعت ہونے کی بناءپر وہ جوڈیشل بنیادوں پر پابند سلاسل ہیں۔ذرائع کے مطابق چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ نے سول سرونٹس ایفی شینسی اینڈ ڈسپلنری رولز2020 ETPB کے رول 2(h&K) کی روشنی میں سبھی پانچ ملازمین کو چارج شیٹ جاری کی ہے۔