بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں شکست ہضم نہیں ہورہی،بلاول بھٹو

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں شکست ہضم نہیں ہورہی۔

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاآپریشن سندور ٹو کی بات کرنےوالا بھارت چاہتا ہے پاکستان کو کمزور کیا جائے،بجٹ چیلنجز کے ماحول میں بھی پیش کیے جاتے رہے ہیں، سب سے بڑا چیلنج پاکستان کی سکیورٹی کے لحاظ سے تھا،وفاقی حکومت کی متعدد مالی ضروریات تھیں، مذاکرات سے متفقہ حل نکالا گیا، طے ہوا صوبوں سے صرف قومی سلامتی کےلئے حصہ مانگا جائے گا،مذاکرات کی کامیابی پر اسحاق ڈار کا شکر گزار ہوں، سیاسی انداز میں قومی ضروریات پوری کرنا بڑی کامیابی ہے۔

چیئرمین پی پی نے کہااپوزیشن کے زیرانتظام صوبے بھی قومی اتفاق رائے میں شامل ہیں، کشمیر کی موجودہ صورتحال انتہائی تشویشناک ، کشمیری ،پاکستانی عوام کشمیر کے حالات پر فکرمند ہیں،بھارت ،اسرائیل کا گٹھ جوڑ پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے،ریاستی مفاد کو ذاتی پسند و ناپسند پر ترجیح دینی چاہیے، کوئی حکومت قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دے سکتی،پیپلزپارٹی ہمیشہ مسائل کے سیاسی حل کی حامی رہی ، کشمیر میں پیپلزپارٹی کو حکومت سازی سے محروم رکھا گیا، عمران خان کے دور میںپی پی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ پڑا، آزاد کشمیر میں کٹھ پتلی حکومت قائم کی گئی۔

بلاول بھٹو نے کہاپی ڈی ایم دور میں بھی پیپلزپارٹی کو حق نہیں دیا گیا، آزاد کشمیر میں سیاسی قیادت کو نظرانداز کرنے کے نتائج سامنے آئے، 6،7ماہ میں پیدا ہونے والا سیاسی خلا پر کیا،کشمیر میں کارکردگی بہت اچھی رہی، سیاسی جماعتوں کو سپیس نہ ملے تو غیرجماعتی عناصر جگہ بنا لیتے ہیں، مسائل کا حل سیاسی عمل اور جمہوری نمائندگی میں ہے۔