جناح کارڈیالوجی میں ہارٹ ٹرانسپلانٹ کا علاج 100 فیصد مفت ہو گا، عظمیٰ بخاری

لاہور:(نمائندہ خصوصی) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے کام کا آغاز کر دیا ، جناح کارڈیالوجی میں ہارٹ ٹرانسپلانٹ کا علاج 100 فیصد مفت ہو گا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا لاہور کی آبادی کے لحاظ سے پی آئی سی کی کپیسٹی تیزی سے کم ہو رہی تھی۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے عوام کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے کم ترین عرصے میں جناح کارڈیالوجی ہسپتال قائم کیا ،جلد مریم نواز پاکستان کے سب سے بڑے نواز شریف کینسر ہسپتال کا بھی افتتاح کرنے جا رہی ہیں، نواز شریف کینسر ہسپتال 1000 بیڈ پر مشتمل ہوگا۔

وزیر اطلاعات نے کہاکارڈیالوجی ہسپتال سرگودھا بھی تقریبا مکمل ہو چکا ، پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں پاکستان بھر سے آئے مریضوں کا مفت علاج کیا جا رہا ہے،مریم نواز نے صحت کے شعبے میں انقلاب برپا کر دیا،لوگوں کو کام کرنے، گڈ گورننس اور میرٹ یقینی بنانا سکھایا ، مریم نواز کی 2سالہ محنت اب رنگ لا رہی ہیں،پنجاب سے سیکھنے والے پنجاب پر انگلی نہ اٹھائیں، پنجاب بڑا بھائی ہے اور خلوص نیت سے تمام صوبوں کی رہنمائی کےلئے ہمہ وقت حاضر ہے۔