مامیا شاہ جعفر اور ارسلان بٹ کی عدالت سے باہر صلح

لاہور (مشرق نیوز) پاکستانی شوبز انڈسٹری میں گزشتہ کچھ عرصے سے زیر بحث رہنے والا مامیا شاہ جعفر اور ارسلان بٹ کا قانونی تنازع بالآخر اختتام کو پہنچ گیا۔ دونوں فنکاروں نے عدالت سے باہر معاملہ طے کرتے ہوئے ایک دوسرے کے خلاف جاری قانونی کارروائیاں واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اداکارہ مامیا شاہ جعفر، جنہوں نے ڈراموں کالج گیٹ اور میسنی کے ذریعے شوبز کی دنیا میں اپنی شناخت بنائی، کچھ عرصہ قبل ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں ایک ساتھی فنکار کی جانب سے نامناسب روئیے اور ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ ڈرامہ میسنی کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا تھا۔

بعد ازاں اس معاملے میں اداکار ارسلان بٹ کا نام سامنے آیا تاہم انہوں نے ابتدا ہی سے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا۔ معاملہ میڈیا کی سرخیوں میں آنے کے بعد دونوں فریقین کے درمیان قانونی جنگ شروع ہوئی اور ایک دوسرے کو قانونی نوٹس بھی ارسال کئے گئے۔

اب ارسلان بٹ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ دونوں کے درمیان تنازع باہمی رضامندی سے حل کر لیا گیا ہے۔ ان کے مطابق مامیا شاہ جعفر نے اپنے تمام الزامات واپس لے لئے ہیں، جبکہ انہوں نے بھی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں دائر شکایات اور ہتکِ عزت کے مقدمے سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔