ہیوسٹن (مشرق نیوز) پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے ازبکستان کے خلاف شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ناقدین کو بھرپور جواب دیدیا۔پرتگال نے گروپ کے اہم میچ میں ازبکستان کو 0-5 سے شکست دی جس میں 41 سالہ رونالڈو نے دو گول سکور کئے۔
میچ کے بعد رونالڈو نے کیمرے کے سامنے جذباتی انداز میں ’میں واپس آ گیا ہوں‘ کا نعرہ لگایا، جو ان لوگوں کیلئے واضح پیغام تھا جنہوں نے ورلڈ کپ کے آغاز میں ان کی صلاحیتوں پر سوالات اٹھائے تھے۔ ابتدائی میچ میں ڈی آر کانگو کے خلاف پرتگال کے مایوس کن 1-1 ڈرا کے بعد رونالڈو کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
رونالڈو نے میچ کے چھٹے منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ بعد ازاں برونو فرنینڈس کے شاندار پاس پر دوسرا گول سکور کرکے اپنی کارکردگی کو مزید یادگار بنا دیا۔ اس کے ساتھ ہی وہ فٹ بال ورلڈ کپ کے چھ مختلف ایڈیشنز میں گول کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے۔
میچ کے بعد رونالڈو نے کہا کہ ذاتی ریکارڈز خوشی دیتے ہیں لیکن ان کی اولین ترجیح ہمیشہ ٹیم کی کامیابی ہوتی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ گزشتہ ہفتہ مشکلات سے بھرپور تھا تاہم ٹیم نے محنت اور اعتماد کے ذریعے بھرپور واپسی کی اور اب وہ مزید بہتر کھیل پیش کرنے کیلئے تیار ہیں۔
فٹ بال ورلڈکپ، رونالڈو کا 2 گول کرکے ناقدین کو جواب



















