نئی تاریخ رقم، پاکستانی نژاد فٹ بالر فیفا ورلڈکپ کھیلے گا

بغداد (مشرق نیوز) عراق کی قومی فٹ بال ٹیم کے مڈفیلڈر زیڈان اقبال فیفا ورلڈکپ 2026 میں شرکت کے ساتھ ایک منفرد تاریخ رقم کرنے جا رہے ہیں۔ وہ فیفا ورلڈکپ میں کھیلنے والے پہلے پاکستانی نڑاد فٹبالر ہوں گے جس پر دنیا بھر میں موجود پاکستانی کمیونٹی خوشی اور فخر کا اظہار کر رہی ہے۔

23 سالہ زیڈان اقبال انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں پیدا ہوئے۔ ان کی والدہ عراقی جبکہ والد کا تعلق پاکستان سے ہے۔ انہوں نے فٹ بال کا آغاز مقامی کلب سے کیا اور بعد ازاں مانچسٹر یونائیٹڈ کی مشہور اکیڈمی میں شمولیت اختیار کی۔ 2021 میں وہ مانچسٹر یونائیٹڈ کی پہلی ٹیم کیلئے میدان میں اترنے والے پہلے برطانوی جنوبی ایشیائی کھلاڑی بنے تھے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں زیڈان نے کہا کہ جب انہیں معلوم ہوا کہ وہ ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے پہلے پاکستانی نڑاد فٹبالر ہوں گے تو وہ حیران رہ گئے۔ ان کے بقول بچپن میں وہ صرف فٹ بال کھیلنے اور اس سے لطف اندوز ہونے کے بارے میں سوچتے تھے، تاریخ رقم کرنے کے بارے میں نہیں۔

زیڈان نے یہ بھی بتایا کہ ان کے والد ان پر فخر کرتے ہیں اور عراق کی نمائندگی کے فیصلے کی حمایت کرتے ہیں تاہم اگر وہ پاکستان کی نمائندگی کرتے تو ان کے والد شاید اور زیادہ خوش ہوتے۔ ورلڈکپ 2026 میں زیڈان اقبال کی شرکت نہ صرف عراق بلکہ پاکستانی نڑاد فٹ بال شائقین کیلئے بھی ایک یادگار لمحہ ثابت ہوگی۔