فٹ بال ورلڈکپ، سپین کی فتح پر غزہ اور ایران سمیت دنیا بھر میں جشن

فیفا ورلڈکپ 2026 کے فائنل میں سپین کی کامیابی پر غزہ اور ایران سمیت دنیا بھر میں کروڑوں شائقین نے بھرپور جشن منایا۔ فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں شہری بڑی سکرینوں اور عارضی انتظامات کے ذریعے میچ دیکھنے کیلئے جمع ہوئے جبکہ فتح کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔

کئی مقامات پر نعروں، جھنڈوں اور آتش بازی کے ذریعے سپین کی کامیابی کا خیرمقدم کیا گیا۔ فلسطینی شائقین نے نہ صرف سپین کی فٹ بال کامیابی کو سراہا بلکہ فلسطینی موقف کی حمایت پر اقوام متحدہ میں فلسطینی مشن کی جانب سے سپین کی حکومت کے اقدامات کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔

سوشل میڈیا پر بھی غزہ اور مغربی کنارے میں ہونے والی تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز تیزی سے وائرل ہوئیں۔ اسکے علاوہ ایران میں بھی سپین کی فتح کا جشن بھرپور انداز میں منایا گیا اور لوگ ہسپانوی پرچم لئے سڑکوں پر نکل آئے۔ فیفا ورلڈکپ کے شریک میزبان ملک میکسیکو اور برازیل میں بھی جشن کی ویڈیوز وائرل ہوئیں۔