مظفر آباد (مشرق نیوز) آزاد کشمیر میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع کے 13 حلقوں میں انتخابی مہم کا وقت رات 12 بجے ختم ہو گیا۔ پولنگ سٹیشنوں کو انتخابی سامان کی ترسیل آج یعنی اتوار کو شروع ہوگی، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع میر پور، کوٹلی اور بھمبھر کے 13 حلقوں میں پولنگ 27 جولائی کو ہوگی۔
ان حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 14،01،439 ہے جن میں 7،25،118 مرد اور 6،75،628 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 2،454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں ضلع میرپور کے 4 حلقوں میں 597، ضلع کوٹلی کے 6 حلقوں میں 1،107 اور ضلع بھمبر کے 3 حلقوں میں 608 پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔
میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی سمیت مختلف جماعتوں اور آزاد حیثیت سے مجموعی طور پر 296 امیدوار میدان میں ہیں۔ ایل اے3 میرپور، ایل اے 6 بھمبھر اور ایل اے 10 کوٹلی میں پیپلز پارٹی، ن لیگ اور استحکام پاکستان پارٹی میں کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے۔
یاد رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے آزاد کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ آزاد کشمیر انتخابات میں حمایت حاصل کرنے مسلم لیگ (ن) کا وفد پارٹی کے صوبائی صدر بشیر میمن کی سربراہی میں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد پہنچا جہاں ان کی ملاقات ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر سے ہوئی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر فاروق ستار نے آزاد کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور کہاکہ ایم کیو ایم پاکستان کے تمام امیدوار مسلم لیگ (ن) کے حق میں دستبردار ہوجائیں گے۔
آزاد کشمیر انتخابات: میرپور ڈویژن میں انتخابی مہم کا وقت ختم، سامان کی ترسیل



















