لاہور (سٹاف رپورٹر) صحافیوں، ایڈیٹرز اور کالم نگاروں کی تنظیم ”پہچان“ کے زیراہتمام جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم مرحوم کی یاد میں تعزیتی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ تعزیتی نشست کی صدارت پاکستان کے ممتاز صحافی اور تجزیہ کار مجیب الرحمن شامی نے کی۔جبکہ امیر العظیم مرحوم کے صاحبزادے شہیر العظیم نے خصوصی شرکت کی۔ تعزیتی ریفرنس میں چیئرمین ”ٹی وی ٹوڈے“ ظہور وٹو، چیئرمین پنجابی میڈیا گروپ مدثر اقبال بٹ، منیجنگ ڈائریکٹر ٹی وی ٹو ڈے حق نواز گھمن، چیئر مین “تاشقند اردو “ ذبیح اللہ بلگن ، اردو پوائنٹ کے گروپ ہیڈ ملٹی میڈیا شاہد نذیر چوہدری، روزنامہ مشرق کے گروپ ایڈیٹر اشرف سہیل، روزنامہ جناح کے ایڈیٹر امجد اقبال، معروف کالم نگار عامر ہاشم خاکوانی، کاروان علم فاونڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر خالد ارشاد صوفی، کیپٹل نیوز کی اینکر رخشاں میر، تجزیہ کار احمد ابوبکر، سیاست دان ملک جہانگیر بارا، ماہر تعلیم ڈاکٹر رانا تنویر قاسم اور جماعت اسلامی کے رہنما قیصر شریف سمیت صحافتی، سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ مقررین نے امیرالعظیم مرحوم کی سیاسی، سماجی، صحافتی اور نظریاتی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ امیرالعظیم نے اپنی پوری زندگی نظریاتی جدوجہد، جمہوری اقدار کے فروغ، کارکنوں کی تربیت اور جماعت اسلامی کی تنظیمی مضبوطی کیلئے وقف کئے رکھی۔ وہ اپنی نرم گفتاری، اصول پسندی، سادگی اور وسیع سماجی تعلقات کے باعث تمام سیاسی و صحافتی حلقوں میں احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ شرکاءنے شعبہ ابلاغ اور اشتہارات میں بھی مرحوم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک اشتہاری ادارے کے سربراہ کی حیثیت سے پیشہ ورانہ دیانت، تخلیقی سوچ اور سماجی ذمہ داری کی قابل قدر مثال قائم کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ امیرالعظیم محض ایک سیاسی رہنما نہیں بلکہ ایک بہترین منتظم، فکری رہنما اور کارکنوں کی تربیت کرنے والے مربی بھی تھے۔ ان کی وفات سے ملک ایک بااصول سیاسی و سماجی شخصیت اور جماعت اسلامی ایک تجربہ کار رہنما سے محروم ہوگئی ہے۔ تقریب کے اختتام پر امیرالعظیم مرحوم کی مغفرت، بلندی درجات اور سوگوار خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔
جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم مرحوم کی یاد میں تعزیتی نشست


















