لاہور: ( نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے عوام کی محنت اور خون پسینے کی کمائی کو رشوت اور کرپشن کی نذر نہیں ہونے دیا جائے گا، انہوں نے کہا نہیں کہتی کہ سب ٹھیک ہے لیکن کرپشن کے خلاف بھی جلد کریک ڈاون کریں گے،منسٹر یا اوپر کے لیول پر ایک روپے کی کرپشن ثابت ہوتو چھوڑوں گی نہیں۔
لاہور میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہم آپ کے گریبانوں تک پہنچیں گے، کیونکہ قوم کا جو بھی پیسہ ہے وہ عوام کی محنت اور خون پسینے کی کمائی ہے، اسے رشوت اور کرپشن کی نذر نہیں ہونے دیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا پنجاب میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبے جاری ہیں اور ان پر کھربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کا مقصد عوام کے وسائل کو عوام ہی کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنا ہے اور اس مقصد کے لیے کرپشن کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔انہوں نے کہا عوام کا حکومت پر اعتمادکا رشتہ بحال ہونا چاہیے، عوام کی خدمت کیلئے دن کے 24 گھنٹے کم لگتے ہیں، 48 گھنٹے ہونے چاہیے۔ پنجاب کے ہر کامیاب منصوبے کے پیچھے پی آئی ٹی بی کی ٹیکنیکل سپورٹ شامل ہے۔انہوں نے کہا بہت سال پہلے ڈیجیٹل انقلاب کے مستقبل کو سمجھنے پر شہباز شریف کو کریڈٹ دینا ضروری ہے ۔ مستند ڈیٹا ملنے پر غریب کو ڈھونڈ کر 10 لاکھ افراد کو گھر کی دہلیز پر 10، 10 ہزار روپے تک پہنچائے، حضرت عمر فاروقؓ کی طرح ضرورت مند کے گھر راشن پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا لاہور میں 100فیصد درستگی کیلئے سیوریج پر کھرب روپے خرچ کرنے پڑیں گے،ہر شہر میں سیوریج کے آئیڈیل نظام کیلئے کھربوں روپے درکار ہیں۔
دریں اثنا استحکام پاکستان پارٹی کے ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ملکی و سیاسی مفاد میں مل کر آگے بڑھنے کے عزم کا اظہار کیا، ملاقات کرنے والوں میں وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانیز و ایم این اے عون چوہدری، گل اصغر خان اور منزہ حسن شامل تھے۔
علاوہ ازیں ستھرا پنجاب پروگرام کے سلسلہ میں اجلاس میںشہروں میں صفائی کی صورتحال اور سیوریج کی نکاسی کے امور کا جائزہ لیا گیا،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب ورکرز کو بروقت ادائیگی نہ کرنے والوں کے خلاف سخت اور فوری قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا ستھر ا پنجاب ورکرز کو ہر ماہ 5تاریخ تک تنخواہوں کی ادائیگی کی جائے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شہروں اور دیہات میں سٹاف اور ورکرز کی غیر حاضری کی رپورٹ کا سخت نوٹس لیا اور کوتاہی برتنے والے افسروں پر سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے فوری کا رروائی کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ نے راشد منہاس شہید کی عظیم قربانی پر خراج عقیدت پیش کیا اور شہداءکے خاندانوں کو سلام پیش کیا، راشد منہا س کی55 ویں یومِ شہادت پراپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا عظیم قومیں اپنے ہیرو کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔ پوری قوم اس عظیم قومی ہیرو کو عقیدت و احترام کے ساتھ سلام پیش کرتی ہے۔
نہیں کہتی سب ٹھیک ہے ،کرپشن کےخلاف بھی جلد کریک ڈاون کریں گے‘مریم نواز



















