لاہور (کامرس رپورٹر)انجمن تاجران لاہور نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے آئندہ انتخابات میں کسی بھی گروپ یا جماعت سے اتحاد نہ کرنے اور آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں انجمن تاجران کے مرکزی دفتر شاہ عالم مارکیٹ میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں لاہور کی مختلف مارکیٹوں کے تاجر رہنماﺅں نے شرکت کی۔اجلاس میں لاہور چیمبر کے انتخابات کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی اور تمام مارکیٹوں میں انتخابی مہم تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انجمن تاجران نے ایسوسی ایٹ کلاس میں اپنا امیدوار میدان میں اتارنے کا بھی اعلان کیا۔بعدازاں صدر انجمن تاجران لاہور مجاہد مقصود بٹ نے تاجر رہنماﺅں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انجمن تاجران تاجروں کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم ہے اور ہماری ترجیح لاہور کی تاجر برادری ہے، کوئی گروپ نہیں۔ لاہور چیمبر کے انتخاب میں انجمن تاجران کسی جماعت یا گروپ کے ساتھ الحاق نہیں کرے گی بلکہ آزادانہ طور پر الیکشن لڑے گی۔انہوں نے کہا کہ انجمن تاجران کے پاس تاجروں کی شٹر پاور موجود ہے اور اپنے ووٹوں کی طاقت سے چیمبر کی دیواریں ہلائیں گے۔ پنجابی وڈیروں کے خلاف تاجر اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، انجمن تاجران پورے لاہور کے تاجروں کی جماعت ہے اور چیمبر میں چھوٹے تاجروں کی موثر نمائندگی کرے گی۔مجاہد مقصود بٹ نے کہا کہ لاہور کی تمام مارکیٹوں میں انتخابی رابطہ مہم کو مزید تیز کیا جائیگا اور تاجروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے بھرپور جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
لاہور چیمبر الیکشن،انجمن تاجران کا اتحاد نہ کرنے کا فیصلہ



















