ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال کی زیر صدارت ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس، ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی نظام مزید موثر بنانے کے اہم فیصلے۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، سی ای او ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی افتخار علی، چیف کارپوریشن آفیسر شیخ اشفاق احمد، بورڈ ممبر حاجی احسان الحق اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کی موجودہ صورتحال، ویسٹ مینجمنٹ آپریشنز اور حکومت پنجاب کے فلیگ شپ پروگرام ”ستھرا پنجاب“ کے تحت جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کیلئے مختلف انتظامی اور آپریشنل امور پر غور کیا گیا۔بورڈ آف ڈائریکٹرز نے متفقہ طور پر آوٹ سورسڈ کنٹریکٹس کو متعلقہ تحصیلوں میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت کام کرنے والی ایجنسیوں کو منتقل کرنے کی منظوری دی۔ اس فیصلے سے صفائی کے انتظامات میں مزید بہتری، وسائل کے موثر استعمال اور خدمات کی فراہمی میں یکسانیت پیدا ہوگی جبکہ شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق شہروں اور قصبوں کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صفائی سے متعلق تمام ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دیں اور ستھرا پنجاب پروگرام کے اہداف کے حصول کیلئے خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائےکمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے اس امر پر زور دیا کہ عوامی خدمت کے منصوبوں میں شفافیت، جوابدہی اور بہترین کارکردگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو صفائی اور ماحولیات سے متعلق معیاری سہولیات کی فراہمی کے حکومتی عزم کو عملی شکل دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال ڈویژن میں صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور شہریوں کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت ڈویژنل پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پلان 2026-27ءکیلئے ممکنہ ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ساہیوال ڈویژن کے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر اور مختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت ایسے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا جن کے ذریعے عوامی خدمات کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں اور خطے کی معاشی ترقی کو مزید تقویت ملے۔ متعلقہ محکموں کے افسران نے اپنے شعبوں سے متعلق مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ ان منصوبوں کی افادیت، مالیاتی استعداد اور عوامی ضروریات کے تناظر میں مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ حکومت اور نجی شعبے کے درمیان موثر تعاون کا ایک کامیاب ماڈل ہے جس کے ذریعے محدود سرکاری وسائل کے باوجود ترقیاتی اہداف تیزی سے حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام محکمے اپنے اپنے شعبوں میں ایسے قابل عمل، پائیدار اور عوام دوست منصوبوں کی نشاندہی کریں جنہیں نجی شعبے کے اشتراک سے بروقت مکمل کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تیاری میں مقامی ضروریات، عوامی مفاد اور معاشی امکانات کو مدنظر رکھا جائے تاکہ ساہیوال ڈویژن میں پائیدار ترقی، روزگار کے نئے مواقع اور شہری سہولیات کے فروغ کو یقینی بنایا جا سکے۔ کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مجوزہ منصوبوں کی تجاویز جلد از جلد مرتب کر کے منظوری کیلئے پیش کی جائیں تاکہ آئندہ مالی سال کے ترقیاتی اہداف بروقت حاصل کیے جا سکیں۔دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت ریونیو کورٹ مینجمنٹ سسٹم کے تحت مقدمات کی پیش رفت اور ریونیو خدمات کی بہتری کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری ریونیو پنجاب شفقت اللہ مشتاق، ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، ایڈیشنل کمشنر ریونیو مرحبا نعمت، اے سی چیچہ وطنی جاوید ممتاز لکھویرا، ایڈیشنل کمشنر ریونیو محمد خالد، صدر ساہیوال بار سعید احمد سگلہ، سابق صدر مہر قطب الدین طاہر سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ ریونیو مقدمات کے بروقت اور شفاف فیصلے حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہیں اور RCMS کے موثر استعمال سے انصاف کی فراہمی کے عمل میں مزید بہتری آئی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زیر التوا مقدمات کو مقررہ مدت میں نمٹانے، عوام کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے اور ریونیو عدالتوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔سیکرٹری ریونیو شفقت اللہ مشتاق نے ریونیو افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے مقدمات کے اندراج اور نگرانی کا نظام مزید موثر ہوا ہے جس سے عوامی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ بار کونسل اور بار ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے بھی ریونیو عدالتی نظام میں بہتری کیلئے اپنی تجاویز پیش کیں۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ریونیو خدمات کی فراہمی، مقدمات کے شفاف اور بروقت فیصلوں اور عوامی مسائل کے حل کیلئے حکومت پنجاب کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد جاری رکھا جائے گا۔دریں اثناء کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کے ہمراہ تحصیل آفس کا دورہ کیا اور مختلف ریونیو شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مرحبا نعمت، تحصیلدار، نائب تحصیلدار اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ دورے کے دوران کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے فرد، رجسٹری اور دیگر ریونیو سروسز کی فراہمی کے نظام کا جائزہ لیا اور کمپیوٹرائزڈ فرد و رجسٹری کے عمل کا عملی معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ریونیو سروسز کی بروقت، شفاف اور موثر فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بہترین سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران اور عملہ اپنی ذمہ داریاں دیانتداری، فرض شناسی اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تحصیل آفس آنے والے ہر شہری کے ساتھ خوش اخلاقی اور خندہ پیشانی سے پیش آیا جائے اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر فوری حل کیا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ریونیو سروسز کے معیار کو مزید بہتر بنا کر عوام کو شفاف، آسان اور بروقت سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی۔
پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ تعاون کا کامیاب ماڈل ہے :کمشنر ساہیوال



















