سینئر اداکارہ صبا حمید نے حبا بخاری کو تھپڑ مارنے کی وجہ بتادی

لاہور (مشرق نیوز) سینئر پاکستانی اداکارہ صبا حمید نے حبا بخاری کو تھپڑ مارنے سے متعلق حقیقت بیان کردی۔ صبا حمید پاکستان کی سینئر ٹیلی وڑن اور فلم اداکارہ ہیں جو تقریباً 40 سال سے شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں۔ انکے مشہور ڈراموں میں فیملی فرنٹ، میرے ہمسفر، تھکن، لشکارا، پیارے افضل، گھسی پٹی محبت، بارات سیریز، سن میرے دل، دل لگی، نور جہاں اور لال عشق شامل ہیں۔

حال ہی میں انہیں ’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں شاندار اداکاری پر سراہا گیا جبکہ اس وقت وہ نجی ٹی وی کے ڈرامہ سیریل ’عشق‘ میں میں جلوہ گر ہو رہی ہیں، جہاں مداح ان کی بہترین اداکاری کو بے حد پسند کر رہے ہیں۔ سینئر اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں ڈراموں میں حقیقت میں تھپڑ نہیں مارتی کیونکہ میں شاٹ کو چیٹ کرنے میں ماہر ہوں لیکن اگر ہدایتکار اصلیت کیلئے بار بار اصرار کرے کہ حقیقی تھپڑ مارا جائے تو میں کیا کر سکتی ہوں؟

انہوں نے کہا کہ یہ انہی کی خواہش تھی، اسلئے مجھے تھپڑ مارنا پڑا۔ میں نے انہیں تھپڑ مارا اور بعد میں معذرت بھی کی کیونکہ وہ کافی زور کا تھپڑ تھا کیونکہ جب واقعی مارنے کو کہا جائے تو میں چیٹ نہیں کر سکتی۔ صباحمید کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی اداکار کے ساتھ ایسا ہونا اچھا نہیں ہوتا کیونکہ آخرکار یہ سب صرف ایک کردار کیلئے ہوتا ہے۔