کشمیر، بالائی کے پی ، گلگت بلتستان میں معمول سے زیادہ بارشوں کی توقع

لاہور (مشرق نیوز) محکمہ موسمیات نے مون سون میں بارشوں سے متعلق پیشگوئی کر دی۔ محکمہ موسمیات پاکستان نے مون سون سیزن 2026 کیلئے موسمیاتی پیش گوئی جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول سے کم بارش متوقع ہے جبکہ بعض شمالی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشیں ہو سکتی ہیں۔

موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں معمول سے زیادہ بارشوں کی توقع ہے، جولائی سے ستمبر کے دوران ملک بھر میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ شمالی پنجاب اور مغربی گلگت بلتستان میں گرمی کی شدت نسبتاً زیادہ ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کے دوران شدید بارشوں کے باعث سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، ملک بھر میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت کے باعث ہیٹ سٹریس کے امکانات بھی بڑھ سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں کم بارشوں کے باعث پانی کی قلت کے خطرات بڑھ سکتے ہیں، علاوہ ازیں گلیشیرز کے تیزی سے پگھلنے اور برفانی جھیلوں کے پھٹنے کے واقعات کے نتیجے میں سیلابی خطرات میں اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

ماہرین نے متعلقہ اداروں کو ممکنہ موسمی خطرات سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات اور موثر منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔