اسلام آباد:(بیورورپورٹ)ملک کی پہلی نیشنل یوتھ پالیسی کا اعلان ،لیبر فورس میں خواتین کےلئے 35 فیصد کوٹہ مختص،نوجوانوں کو سٹارٹ اپ کیلئے رقومات دی جائیں گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہاملک میں لاکھوں ذہین نوجوان موجود ہیں ،زیور تعلیم سے آراستہ کیا جائے تو دوسروں کو پیچھے چھوڑ جائیں مگر ستم ظریفی ہے امرا کے بچوں کو دنیا بھر کی درس گاہوں میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع ، غریب والدین اپنے بچوں کی تعلیم کےلئے شدید خواہش رکھتے ہیں مگر استطاعت نہیں ، ایچی سن کالج میں غریب کا بچہ قدم بھی نہیں رکھ سکتا اسی لیے ایچی سن کالج کے مقابل دانش سکول قائم کیے،تضاد کی وجہ سے تعلیم کے میدان میں پیچھے رہ گئے، معاشرے میں مساوی مواقع موجود ہونے چاہئیں اگر امیر و غریب کے بچوں کو مساوی تعلیم نہ ملے تو پھر قائد اعظم کا پاکستان نہیں۔
شہبازشریف نے کہا پنجاب بھر میں دانش سکول کا جال پھیلایا اب جی بی، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں بن رہے ہیں ،مفت تعلیم ملے گی ، معیار ایچی سچ کالج سے کم نہیں ہوگا،اعلان کرنا چاہتا ہوں بجٹ میں تعلیم کےلئے خاطر خواہ رقومات رکھیں، پورے پاکستان سے گزشتہ سال طلبہ میرٹ پر چین بھیجے تاکہ زراعت کی جدید تعلیم حاصل کریں اب ایک ہزار بچوں کو سرکاری خرچ پر آئی ٹی ،اے آئی کی تعلیم کےلئے چین بھجوائیں گے،اسلام آباد دانش یونیورسٹی میں اگلے سال کلاسز شروع ہوجائیں گی،ٹیکنیکل ،جدید و تکنیکی علوم پر زیادہ فوکس ،داخلہ میرٹ پر ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا7لاکھ بچوں میں میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم کیے، ایک بھی سفارش پر نہیں دیا، رواںسال پورے ملک کے مزید اڑھائی لاکھ بچوں کو کروم بکس دی جائیں گی، پرائیویٹ سکول کے بچوں کو شامل نہیں کیا گیا، لیپ ٹاپ رشوت کے طور پر دینے کا طعنہ دیا گیا، کیا لیپ ٹاپ نے بچوں کو عزت سے روزگار کمانے اور جدید دنیا میں داخلے کا موقع نہیں دیا؟ میں لیپ ٹاپ کو مشین نہیں مشن جانتا ہوں ،مزید آگے بڑھاوں گا۔
شہبازشریف نے کہا 1947 میں پاکستان بزرگوں نے بنایا مگر 2047 کا پاکستان نوجوان اپنے مرضی سے بنائیں گے،تمام لیبر فورس میں خواتین کےلئے 35 فیصد کوٹہ لازمی ہوگا، نوجوانوں کو ملازمتوں کی بجائے اپنا آسان کاروبار شروع کرنے کےلئے سٹارٹ اپ کےلئے 10فیصد کوٹہ مقرر کرنے کا اعلان کرتا ہوں،نوجوانوں کو جدید علوم سے نہ جوڑا تو ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جائیں گے۔
پہلی نیشنل یوتھ پالیسی کا اعلان ،لیبر فورس میں خواتین کا35 فیصد کوٹہ مختص


















