ریفائنری شعبے کی توسیع کیلئے ہنی ویل کی مجوزہ سرمایہ کاری خوش آئند ہے، وزیر خزانہ

واشنگٹن ( مشرق نیوز) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے واشنگٹن ڈی سی میں ہنی ویل ٹیکنالوجیز کے وائس پریذیڈنٹ اور جنرل منیجر بیری گلک مین کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں ریفائنری شعبے کی جدیدکاری اور توانائی کے تحفظ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزارت خزانہ کے مطابق ملاقات کے دوران وفاقی وزیر خزانہ نے پاکستان کے ریفائنری شعبے کی جدیدکاری اور توسیع کیلئے ہنی ویل کی مجوزہ سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک کی مقامی ریفائننگ صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور درآمدی پٹرولیم مصنوعات پر انحصار کم کرنے میں مدد ملے گی۔ملاقات میں ہنی ویل کی جدید ٹیکنالوجی، آلات اور ریفائنری اپ گریڈیشن پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ مالی معاونت کیلئے یو ایس ایگزم بینک ، یو ایس انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن ، مختلف ایکسپورٹ کریڈٹ ایجنسیوں اور عالمی بینکوں کے ذریعے ممکنہ فنانسنگ کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ مجوزہ منصوبہ پاکستان کی توانائی کے تحفظ، صنعتی ترقی اور پائیدار معاشی نمو کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔