امریکی صدر ٹرمپ نے تمام ممالک پر 10 فیصد ٹیرف عائد کردیا

واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکی سپریم کورٹ کی جانب سے ٹیرف کے فیصلے کو کالعدم قرار دئیے جانے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تمام ممالک پر 10 فیصد ٹیرف عائد کردیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی سپریم کورٹ نے گزشتہ روز ڈونلڈ ٹرمپ کے وسیع عالمی ٹیرف پلان کو غیر قانونی قرار دیا کیونکہ انہوں نے قانون کے بغیر خود سے ٹیرف عائد کیا تھا۔

ٹرمپ نے اس فیصلے پر شدید تنقید کی اور فوراً ایک نیا ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا جس کے تحت تمام ممالک پر 10 فیصد گلوبل ٹیرف عائد کردیا گیا جسے 150 دن تک نافذ رکھا جائیگا بشرطیکہ کانگریس اسے توسیع نہ دے۔ نئی 10 فیصد ٹیرف تمام ملکوں سے آنے والی درآمدات پر لاگو ہوگا۔ اگرچہ کچھ اشیا اور مخصوص ممالک (مثلاً کینیڈا اور میکسیکو کیلئے کچھ استثنیٰ بھی بیان کیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ کا فیصلہ ٹرمپ کی تجارتی پالیسی کیلئے بڑا دھچکا تصور کیا جارہا ہے، کیونکہ عدالت نے کارپوریٹ اور اقتصادی امور میں کانگریس کے کردار کو فوقیت دی ہے۔ ٹرمپ کا نیا 10 فیصد ٹیرف عالمی تجارت کے اصولوں کو تبدیل کرنے کا اعلان ہے۔ کچھ ممالک نے اس پر تحفظات ظاہر کیے ہیں، جبکہ بعض نے اس کو تجارتی تناو میں اضافہ قرار دیا ہے۔