متعلقہ ادارے مستحق مزدوروں کی بروقت رجسٹریشن کو یقینی بنائیں : کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹیٹیوٹ،پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی اور محکمہ لیبر و انسانی وسائل کے سربراہان کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محنت کشوں کی فلاح و بہبود، سوشل سکیورٹی سہولیات اور بڑھاپا پنشن کی فراہمی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں متعلقہ سربراہان نے اپنے اپنے اداروں کی کارکردگی، جاری اقدامات اور مزدوروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں رجسٹریشن کے عمل، مالی معاونت، طبی سہولیات اور پنشن سے متعلق امور پر خصوصی روشنی ڈالی گئی اور درپیش مسائل و چیلنجز سے بھی آگاہ کیا گیا۔کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے مستحق مزدوروں کی بروقت رجسٹریشن کو یقینی بنائیں اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات میں مزید بہتری لائیں۔ انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقہ معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور ان کی فلاح حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔کمشنرڈاکٹر آصف طفیل نے مزید ہدایت کی کہ اداروں کے درمیان موثر روابط کو فروغ دیا جائے تاکہ مزدوروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں اور شکایات کے ازالے کیلئے فوری اور موثر اقدامات کئے جائیں۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی نے بھی شرکت کی جس میں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور فلاحی اقدامات کو مزید موثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔