اچھرہ میں 3 بچوں کا بہیمانہ قتل، ملزمہ کا جسمانی ریمانڈ منظور، لاشیں جھنگ روانہ

لاہور (کرائم رپورٹر) سنگدل ماں کے ہاتھوں قتل ہونے والے تین کمسن بہن بھائیوں کی لاشیں پوسٹمارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔پولیس کے مطابق مقتولین میں 5 سالہ مومنہ بتول، 4 سالہ مومن رضا اور ڈیڑھ سالہ امہ حبیبہ شامل ہیں۔ لاشوں کو ان کے آبائی گاو¿ں ضلع جھنگ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں نماز جنازہ کے بعد انہیں سپرد خاک کیا جائیگا۔دوسری جانب اس حوالے سے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ ملزمہ ردا کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائیگا اور اسے قرار واقعی سزا دلوائی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ معصوم بچوں کے قتل میں ملوث ملزمہ کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مکمل اور شفاف تحقیقات جاری ہیں جبکہ مزید شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں تاکہ مقدمے کو مضبوط بنایا جا سکے۔ علاوہ ازیں اچھرہ میں تین بچوں کو قتل کرنے کے مقدمے میں گرفتار ملزمہ ردا فاطمہ کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔ماڈل ٹاﺅن کچہری میں ملزمہ ردا فاطمہ کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ ارشاد حسین سبزواری نے کی۔پولیس نے عدالت سے ملزمہ کے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تاکہ مزید تفتیش مکمل کی جا سکے تاہم عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزمہ ردا فاطمہ کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا اور اسے پولیس کے حوالے کردیا۔پولیس حکام کے مطابق ملزمہ کو سخت سکیورٹی میں عدالت پیش کیا گیا تھا جبکہ دوران سماعت امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے اضافی نفری بھی تعینات کی گئی تھی۔