لاہور آرگینک ولیج میں دو روزہ مینگو فیسٹیول ،پاکستان موسمی پھلوں سے مالامال ملک ہے: سیکرٹری اوقاف

لاہور(اپنے نمائندے سے) لاہور آرگینک ولیج (پنڈ)، ڈی ایچ اے فیز ون، عادل ہسپتال کے قریب منعقد ہونے والے دو روزہ مینگو فیسٹیول 2026 میں لاہور بھر سے ہزاروں خواتین، مردوں اور بچوں نے شرکت کی۔ شرکاءنے آم کی مختلف اقسام سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ دیسی کھانوں، آرگینک مصنوعات، بچوں کے پلے ایریا، سیلفی پوائنٹس اور دیگر تفریحی سرگرمیوں میں بھرپور دلچسپی لی۔ فیسٹیول کا افتتاح سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کیا۔ اس موقع پر سیاسی، سماجی، کاروباری شخصیات اور سرکاری افسران بھی موجود تھے۔ تقریب میں اسپیشل ایجوکیشن ایسوسی ایشن آف پروفیشنلز پاکستان کے وفد نے بھی شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر ڈسکوری چینل انیس فاروقی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کامیاب انعقاد پر ڈسکوری چینل کے سی ای او ڈاکٹر قیصر رفیق، ڈائریکٹر انیس فاروقی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل اور موسمی پھلوں سے مالا مال ملک ہے اور ایسے میلے ملکی زرعی پیداوار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انیس فاروقی نے بتایا کہ فیسٹیول میں پاکستان بھر سے آم کی 140 سے زائد اقسام نمائش کیلئے پیش کی گئی ہیں۔ ان کے مطابق شہری بڑی تعداد میں مختلف اقسام کے آم خریدنے کے ساتھ تفریحی سرگرمیوں سے بھی محظوظ ہو رہے ہیں۔ تقریب کے شرکاءنے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے ثقافتی اور زرعی میلوں سے عوام کو صحت مند تفریح، مقامی کاروبار کو فروغ اور زرعی پیداوار کی موثر تشہیر کے مواقع میسر آتے ہیں جس سے معاشی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔