بانی پی ٹی آئی سے فیملی کی ملاقات روکیں گے تو نفرتیں اور بڑھیں گی: بیرسٹر گوہر

راولپنڈی (مشرق نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے ایک بار پھر بانی پی ٹی آئی عمران خان سے فیملی کی ملاقات کروانے کا مطالبہ کردیا۔ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 37 ہفتے گزر گئے، بانی پی ٹی آئی سے کسی کی ملاقات نہیں ہوئی، ملاقات روکیں گے تو نفرتیں اور تناوبڑھے گا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں حصہ نہ لینے کے معاملے پر سیاسی کمیٹی بیٹھی تھی، الیکشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ وہاں کے حالات دیکھ کرکیا، آزاد کشمیر کے معاملے پر دوٹوک کہہ چکے ہیں کہ ریاست مخالف بیانئے کی حمایت نہیں کرتے، عوامی مطالبات کو سپورٹ کرتے ہیں۔ بیرسٹر گوہر نے پارٹی میں فارورڈ بلاک کی موجودگی کو مسترد کردیا۔

دوسری جانب بشریٰ بی بی سے ان کی فیملی کی اڈیالہ جیل میں ملاقات ہوئی جہاں بشریٰ بی بی سے بھابھی مہر النسا مانیکا اور بیٹی مبشرہ شیخ نے ملاقات کی۔ ملاقات کانفرنس روم میں کروائی گئی جو تقریبا 40 منٹ جاری رہی جبکہ ملاقات میں بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔