منی لانڈرنگ کیس،شہباز،حمزہ کی بریت کےخلاف درخواست خارج

لاہور: (کورٹ رپورٹر)منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف ، حمزہ شہباز کےخلاف درخواست خارج،لاہور ہائیکورٹ نے کیس ناقابل سماعت قراردےدیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے 16ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے مقدمے میں وزیراعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز کی بریت کے خلاف درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت وکیل نے موقف اختیار کیا شہباز شریف نے وزیراعظم بننے کے 15روز میں اپنے حق میں فیصلہ کرا لیا، فرد جرم عائد ہونے سے قبل شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف نے بریت کی درخواستیں دائر کیں، سپیشل سنٹرل کورٹ کے جج نے درخواستوں کو منظور کرتے ہوئے شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف کو بری کیا۔

وکیل نے کہا غیر قانونی فیصلے کے تحت سپیشل سنٹرل کورٹ کے جج نے ملزموں کو ریلیف دیا، ملزموں کو طلب کیے جانے کے باوجود فرد جرم سے پہلے ہی بری کر دیا گیا، پراسیکیوشن نے عدالت میں تقریباً 100گواہ پیش کرنے تھے، اربوں روپے کے سنگین مقدمے میں پراسیکیوشن کو شواہد پیش کرنے کا موقع دیئے بغیر فیصلہ سنانا ناانصافی ہے لہٰذا عدالت ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو غیر قانونی اور کالعدم قرار دے

چیف جسٹس عالیہ نیلم نے وکیل سے استفسار کیا آپ کس طرح متاثرہ فریق ہیں، کوئی بھی چار پانچ سالوں بعد آئے اور فیصلوں کو چیلنج کر دے، آپ سمجھتے ہیں ہم کوئی نیا قانون بنا دیں، یہ عوامی مفاد کا کیس نہیں، رجسٹرار آفس نے درخواست گزار کے متاثرہ فریق نہ ہونے کا اعتراض عائد کیا تھا آپ مقدمے میں کیسے فریق ہیں؟ چیف جسٹس نے کہا مقدمے کو اتنا عرصہ گزر گیا اور آپ آج عدالت آگئے ہیں؟ عدالت نے رجسٹرار آفس کے اعتراض کو برقرار رکھتے ہوئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی۔