اسلام آباد: (بیورورپورٹ)سیاسی و عسکری قیادت نے عوامی مفاد مقدم رکھنے ،معاشی و توانائی چیلنجز سے نمٹنے کےلئے جامع حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کرلیا۔
صدر آصف زرداری کی زیر صدارت ایوان صدر میں اعلیٰ سطح کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا ،وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر خزانہ اورنگزیب، وزیر توانائی علی پرویز ملک اور وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے شرکت کی۔
اجلاس میں عالمی سطح پر تیل و گیس کی فراہمی ،قیمتوں میں اتار چڑھاو کے ملکی معیشت پر اثرات کا جائزہ لیا گیا، شرکا نے مہنگائی کے دباو کو کم کرنے و توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی۔
وزرائے خزانہ وپٹرولیم نے بریفنگ دی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام لانے، مہنگے ایندھن کے دیگر شعبوں پر اثرات کو کم کرنے ، اخراجات میں کمی کیلئے کفایت شعاری اقدامات جاری ہیں،اجلاس میں خطے کی مجموعی صورتحال ،ملکی سلامتی، معیشت اور خوراک کے نظام پر ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیتے ہوئے زور دیاگیا موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کےلئے مربوط قومی حکمت عملی ناگزیر ہے۔
اتفاق کیا گیا معاشی نظم و نسق، توانائی منصوبہ بندی، خوراک کی سکیورٹی اور سکیورٹی پالیسیزکو ہم آہنگ رکھنا ضروری ہے تاکہ موجودہ حالات کا موثر مقابلہ کیا جا سکے،اعلی سطح اجلاس میں قومی اتفاق رائے برقرار رکھنے ،اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے ،عوام کو ایندھن کے کم استعمال، پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ اور کار شیئرنگ جیسے اقدامات اپنانے کی ترغیب دینے پر بھی زور دیا گیا،شرکا نے عزم کیا حکومتی فیصلوں میں عوامی مفاد مقدم اور موجودہ معاشی و توانائی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جامع و مربوط حکمت عملی اپنائی جائےگی۔
دریں اثناصدر زرداری،وزیراعظم شہبازشریف کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ،مشرق وسطیٰ کی صورتحال،پاکستان کی سفارتی کوششوں ،ملکی سکیورٹی، معاشی صورتحال اور تونائی بحران پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے صدر کو مشرق وسطیٰ کی صورتحال میں پاکستان کے کردار پر اعتماد میں لیا،صدر مملکت نے خطے کی موجودہ صورتحال پر پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا اپناکردار اداکرنے کو حاضر ،پاکستان نہ صرف پڑوسی ممالک بلکہ دنیا میں کشیدگی ختم کرنے کےلئے اپنا مثبت کردار اداکرنے کو تیار ہے۔
سیاسی و عسکری قیادت کا چیلنجز سے نمٹنے کےلئے جامع حکمت عملی اپنانے پر اتفاق


















