ملک اسوقت سیاسی عدم استحکام، بیروزگاری، مہنگائی جیسے مسائل کا شکار ہے: فیصل میر

لاہور (میاں ذیشان/عکاسی: شاہنواز) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے مرکزی صدر فیصل میر نے روزنامہ ”مشرق“ کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال کے تناظر میں پاکستان کو ایک مضبوط، عوام دوست اور جمہوری سیاسی قوت کی اشد ضرورت ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی اس خلا کو پر کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت سیاسی عدم استحکام، بڑھتی ہوئی بےروزگاری اور مہنگائی جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہے جس کی وجہ سے عام آدمی شدید مشکلات کا شکار ہے، تاہم پیپلز پارٹی ہمیشہ کی طرح عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات اور موثر پالیسیاں پیش کر رہی ہے۔ فیصل میر کے مطابق پارٹی لاہور میں اپنی سیاسی موجودگی کو مستحکم بنانے اور تنظیم سازی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اور اس مقصد کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کیا جا رہا ہے تاکہ پارٹی کی بنیاد مزید مستحکم ہو سکے۔ پیپلز پارٹی نہ صرف نئے کارکنوں کو شامل کر رہی ہے بلکہ پرانے اور نظریاتی کارکنوں کو بھی دوبارہ متحرک کرنے کیلئے تربیتی ورکشاپس اور خصوصی پروگرامز کا انعقاد کر رہی ہے، کیونکہ مضبوط تنظیم ہی کسی بھی سیاسی جماعت کی اصل طاقت ہوتی ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پارٹی کا مقصد صرف انتخابات میں کامیابی حاصل کرنا نہیں بلکہ عوام کے دلوں میں اپنی جگہ بنانا اور ان کے مسائل کے حل کیلئے عملی کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جب مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے اور بےروزگاری میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے، پیپلز پارٹی ایک مثبت اور امید افزا ایجنڈا لیکر سامنے آئی ہے جس میں روزگار کے مواقع پیدا کرنا، نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ٹھوس معاشی پالیسیاں شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی قیادت ملک میں معاشی استحکام، سوشل سیکیورٹی کے فروغ اور غریب طبقے کو ریلیف دینے کیلئے سنجیدہ اقدامات کی حامی ہے اور یہی وڑن عوام کے سامنے رکھا جا رہا ہے۔ سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ لاہور میں مختلف جلسوں، عوامی اجتماعات اور کارنر میٹنگز کا انعقاد کیا جا رہا ہے جہاں عوامی مسائل پر کھل کر بات کی جاتی ہے اور پارٹی کے منشور سے آگاہ کیا جاتا ہے، تاکہ ہر طبقہ فکر کو ساتھ ملا کر ایک مضبوط سیاسی قوت تشکیل دی جا سکے۔ فیصل میر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست کا محور ہمیشہ عوامی خدمت، جمہوریت کا استحکام اور سماجی انصاف رہا ہے اور یہی نظریہ آج بھی پارٹی کی پہچان ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ کارکنان پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی محنت، لگن اور قربانیوں کے بغیر کوئی بھی سیاسی تحریک کامیاب نہیں ہو سکتی، لہٰذا ہم سب کو مل کر پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے جدوجہد جاری رکھنا ہوگی۔