اپنا کھیت اپنا روزگار سے 88 ہزار خاندان مستفید، زمین 10 سالہ لیز پر دی جائیگی:عظمیٰ بخاری

لاہور (وقائع نگار) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے پنجاب کی زراعت و معیشت کیلئے اپنا کھیت اپنا روزگار بہترین پروگرام ، سکیم کے تحت زمین 10 سالہ لیز پر دی جائے گی، 88 ہزار خاندان مستفید ہوں گے،وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کےلئے متعدد منصوبے شروع کیے گئے ہیں، مقصد صوبے کی معیشت اور زرعی شعبے کو مضبوط بنانا ہے، مریم نوازکے دور حکومت میں پنجاب کے اندر مختلف شعبوں میں نمایاں اور مثالی اقدامات کیے گئے ہیں، ”اپنا کھیت، اپنا روزگار“ پروگرام حکومت کا اہم منصوبہ، بنجر زمینوں کو قابل کاشت بنایا جائےگا،عظمیٰ بخاری نے کہا منصوبے کے تحت تقریباً 160 ارب روپے مالیت کی سرکاری زمین 10 سالہ لیز پر دی جائےگی، 88 ہزار سے زائد خاندان مستفید ہوں گے، زمین صرف کاشتکاری کےلئے استعمال ہوگی جبکہ کاشتکاروں کو رہنمائی بھی فراہم کی جائے گی، لیز پر دی جانے والی زمینوں کےلئے اب تک 900 سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، کسانوں کو 25 سے 40 لاکھ روپے مالیت کی زمین فراہم کی جا رہی ہے، بعض مقامات پر ایک سے پانچ ایکڑ تک زمین دی جا رہی ہے، ساتھ ہی 50 ہزار روپے ون ٹائم گرانٹ بھی دی جائے گی،وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا پنجاب میں گندم کی پیداوار مقررہ ہدف سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے، جو زرعی پالیسیوں کی کامیابی کو ظاہر کرتا ہے،فلم سٹی کےلئے 50 ایکڑ زمین الاٹ ہو چکی، اب پاکستانیوں کو بہت زیادہ فلمیں دیکھنے کو ملیں گی۔