ٹرمپ کاشکریہ، ایران امریکہ بات چیت جلد دیرپا امن میں بدلے گی،وزیراعظم


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے صدر ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں ”پروجیکٹ فریڈم“ روک کرجرات کامظاہرہ کیا،شکریہ ادا کرتا ہوں،پیشرفت دیرپا امن و استحکام کو یقینی بنانے کی راہ ہموار کرے گی۔

اپنے پیغام میں شہبازشریف نے کہا صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان و دیگر برادر ممالک خصوصاً سعودی عرب ،میرے برادر عزیز ولی عہد ووزیراعظم محمد بن سلمان کی درخواست پر مثبت و فراخدلانہ ردعمل نازک وقت میں امن، استحکام اور مفاہمت کے فروغ میں بہت معاون ثابت ہوگا،پاکستان تحمل، مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کو فروغ دینے والی تمام کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

دریں اثناوزیراعظم نے بین الاقوامی پیغامِ اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا امید ہے ایران امریکہ بات چیت جلد دیرپا امن میں بدلے گی، مزید جانیں ضائع نہیں ہوں گی،پاکستان عالمی سطح پر امن، مکالمے اور اعتماد کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ،اجتماع امت مسلمہ کے اتحاد و محبت کی بہترین مثال ہے،دونوں ممالک کی قیادت کا ایک پلیٹ فارم پر آنا عالمی سطح پر پاکستان پر اعتماد کا واضح ثبوت اورخطے میں امن کےلئے مثبت پیش رفت ہے۔

شہبازشریف نے کہا پاکستان نے عالمی امن ،مسلم امہ کے اتحاد کےلئے تاریخی کردار ادا کیا،ایران ،امریکہ مذاکرات میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سمیت برادر ممالک کی کوششیں قابل تحسین ہیں، اسلام آباد میں ہونے والی حالیہ پیش رفت عالمی اعتماد کا مظہر اور خطے میں پائیدار امن کی بنیاد بن سکتی ہے،1979 کے بعد پہلا موقع ہے امریکی و ایرانی قیادت آمنے سامنے اسلام آباد میں بیٹھی اور مذاکرات کیے،مذاکرات جلد دیرپا امن میں تبدیل اور خطے میں مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے گا۔

وزیراعظم نے چین، ترکیہ و دیگر برادر ممالک کی کوششوں کوسراہتے ہوئے کہا نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ،فیلڈ مارشل عاصم نے بھی فریقین کو جنگ بندی ،مذاکرات کی میز پر لانے میں کلیدی کردار ادا کیا،تمام کوششیں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی اور پاکستان کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائےگا۔