ریما نے معروف پاکستانی اداکارہ کو تھپڑ مارنے کی وجہ بتا دی

لاہور (مشرق نیوز) نامور اداکارہ ریما خان نے معروف پاکستانی اداکارہ کو تھپڑ مارنے کا اعتراف کرلیا۔ ریما خان ایک معروف پاکستانی اداکارہ، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر ہیں، وہ پاکستان کی مقبول ترین اداکاراوں میں شمار ہوتی تھیں اور اپنی خوبصورتی اور سٹارڈم کی وجہ سے بے حد پسند کی جاتی تھیں۔

ریما خان نے اپنے کیریئر کا آغاز فلم ”بلندی“ سے کیا اور شہرت حاصل کی۔ مداحوں نے ریما کی جوڑی سعود، شان شاہد اور بابرعلی کے ساتھ بہت پسند کی۔ ریما خان اب ڈاکٹر طارق شہاب سے شادی کے بعد امریکہ میں مقیم ہیں۔ حال ہی میں ریما خان نے ایک پوڈکاسٹ میں نظر آئیں جس میں انہوں نے اپنی فلم ”مس استنبول“ کی ایک ساتھی اداکارہ کو تھپڑ مارنے کا اعتراف کیا۔

واقعہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے ریما خان نے کہا کہ میں ایک انٹروورٹ تھی اور صرف اپنے کام پر توجہ دیتی تھی، میں لڑائی جھگڑا کرنے والی نہیں تھی لیکن ظاہر ہے جب آپکی عمر 18 سے 25 سال کے درمیان ہو تو آپ آسانی سے مشتعل ہو سکتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ جب ایک اداکارہ ساتھی نے میرے ساتھ بدتمیزی کی تو میں خود پر قابو نہ رکھ سکی اور اسے تھپڑ مار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں ایسی انسان ہوں جو گالی گلوچ نہیں کرتی، ہم اسلام آباد میں میڈم شمیم آراءکی فلم ”مس استنبول“ کی شوٹنگ کر رہے تھے، وہاں بہت لوگ موجود تھے، اس دوران ساتھی اداکارہ نے دو بار میرے ساتھ بدزبانی کی، مجھے نہیں معلوم کیا ہوا، میں نے سب کے سامنے اسے تھپڑ مار دیا۔ ریما نے بتایا کہ وہ ایک مشہور پاکستانی اداکارہ ہے اور آج بھی انڈسٹری میں کام کر رہی ہے، میں اس کا نام نہیں لوں گی لیکن مجھے اس پر افسوس ہے۔

انکا کہنا تھا کہ اب میں سوچتی ہوں کہ مجھے خود پر قابو رکھنا چاہیے تھا، میں دل سے اس کیلئے دعا کرتی ہوں، مجھے آج بھی اپنے اس عمل پر ندامت ہے، کاش میں خود کو روک لیتی۔ بعض اوقات بدلہ اللہ پر چھوڑ دینا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نمبر ون اور نمبر ٹو اداکارہ کی بحث اداکاراو¿ں نے نہیں بلکہ صحافیوں نے شروع کی تھی۔ یہ بھی قابل ذکر ہے کہ ریما خان کی فلم ”مس استنبول“ میں انکی ساتھی اداکارہ کوئی اور نہیں بلکہ میرا تھیں جن کے ساتھ ماضی میں ان کی شدید رقابت بھی رہی۔