تہران (مشرق نیوز) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ مفاہمت دوطرفہ معاملہ ہے، امریکہ مفاہمتی یادداشت پر عمل کرے گا تو ہم بھی اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں گے۔ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ غیر معقول شیخی بگھارنے اور بے بنیاد دھمکیوں کے مقابلے میں ہمارا موقف واضح ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماراموقف ہے کہ فیصلہ سازی میں عقل و دانش اور انسانی وقار کو بنیاد بنایا جائے اور اقدامات کے وقت فیصلہ کن اور نڈر دفاع کا مظاہرہ کیا جائے۔ اس سے قبل ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے دعویٰ کیا تھا کہ قطر میں منجمد ایرانی اثاثوں میں سے 6 ارب ڈالرز کے اثاثے جلد جاری کر دئیے جائیں گے۔
انکا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ مجموعی طور پر 12 ارب ڈالرز کی رقوم میں سے آدھی رقم واپس ایران منتقل کی جائیگی۔ ایرانی صدر نے کہا ہے کہ یہ پیشرفت موجودہ مذاکرات اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باوجود سامنے آ رہی ہے تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ صورتحال مسلسل بدل رہی ہے اور معاملات پر پیشرفت جاری ہے۔
امریکہ مفاہمتی یادداشت پر عمل کرے، ہم بھی ذمہ داریاں پوری کرینگے: ایرانی صدر



















