لاہور (میاں ذیشان) پنجاب حکومت کا بے زمین کسانوں کیلئے آسان روزگار کی فراہمی اور غربت سے نکالنے کیلئے خصوصی اقدامات، اپنا کھیت اپنا روزگار سکیم کے تحت سرکاری اراضی 10 سال کیلئے لیز پر دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ الاٹی 5 ایکڑز تک کی اراضی 100 روپے سالانہ پٹہ داری زرعی مقاصد کیلئے استعمال کر سکے گا۔ بے زمین شخص 10 مرلہ تک رہائشی پلاٹ کا مالک یا اسی ریونیو سٹیٹ کا رہائشی ہونا لازمی قرار، شناختی کارڈ پر مستقل پتہ متعلقہ موضع کا درج ہونا چاہئے۔ ایک خاندان صرف ایک الاٹمنٹ کیلئے اہل ہو گا، خاندان کے افراد کسی دیگر سرکاری الاٹمنٹ / لیز سے مستعفید ہونے والے اور سرکاری ملازمین یا زیر کفالت افراد اہلیت نہیں رکھیں گے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے زرعی شعبے کی ترقی اور دیہی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے اپنا کھیت اپنا روزگار اسکیم کے تحت بے زمین اور غریب کسانوں کو باعزت روزگار فراہم کرنے کا عملی آغاز کر دیا ہے جسے عوامی سطح پر بے حد سراہا جا رہا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اس اسکیم کے تحت سرکاری زرعی زمین 10 سالہ لیز پر انتہائی معمولی کرایہ یعنی صرف 100 روپے فی ایکڑ سالانہ کے عوض فراہم کی جائے گی جس سے نہ صرف غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی بلکہ زرعی پیداوار میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ سکیم کے تحت وہ افراد درخواست دینے کے اہل ہوں گے جو بے زمین ہوں یا زیادہ سے زیادہ 10 مرلہ رہائشی پلاٹ کے مالک ہوں اور اسی ریونیو اسٹیٹ کے مستقل رہائشی ہوں، جبکہ ایک خاندان سے صرف ایک فرد کو لاٹ مل سکے گی اور سرکاری ملازمین یا پہلے سے کسی سرکاری اسکیم سے مستفید افراد اس سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔ لیز کی مدت 10 سال مقرر کی گئی ہے اور فی لاٹ زیادہ سے زیادہ 5 ایکڑ زمین دی جائے گی، تاہم اس زمین کو صرف زرعی مقاصد کیلئے استعمال کیا جا سکے گا اور کسی قسم کی مستقل تعمیرات یا ملکیتی حقوق کی اجازت نہیں ہوگی، نیز زمین کو کسی دوسرے فرد کو منتقل یا رہن رکھنا بھی ممنوع ہوگا۔ درخواست دینے کیلئے امیدوار پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی ویب سائٹ یا متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر آفس سے رجوع کر سکتے ہیں اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا، جن کی فہرست سرکاری سطح پر جاری کی جائے گی۔ جبکہ لیز حاصل کرنے کے بعد پہلے سال کا کرایہ 30 دن کے اندر ادا کرنا لازم ہوگا جبکہ کاشت کا آغاز ایک سال کے اندر نہ کرنے کی صورت میں لیز منسوخ کی جا سکتی ہے، اس کے علاوہ سال میں دو مرتبہ سکروٹنی کمیٹی معائنہ بھی کرے گی۔ حکومت نے اس سکیم میں شکایات کے ازالے کیلئے بھی واضح طریقہ کار متعارف کروایا ہے اور کامیاب الاٹیز کو ترقیاتی گرانٹ کی فراہمی جیسے اقدامات شامل کیے ہیں، جو اس سکیم کو مزید موثر بناتے ہیں۔ مجموعی طور پر یہ اقدام حکومت پنجاب کی کسان دوست پالیسیوں کا عکاس ہے جو نہ صرف بے روزگاری کے خاتمے بلکہ زرعی خودکفالت کے خواب کو حقیقت بنانے کی جانب ایک اہم پیشرفت ثابت ہو رہا ہے۔
اپنا کھیت اپنا روزگار سکیم ، پنجاب حکومت کا سرکاری اراضی 10 سال کیلئے لیز پر دینے کا اعلان


















