کیلیفورنیا (مشرق نیوز) معروف امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے اے آئی خطرے کے بڑھتے اثرات کیخلاف قانونی کارروائی شروع کر دی۔ مشہور گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے اپنی آواز اور شناخت کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بڑھتے ہوئے خطرات سے محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 36 سالہ پاپ سٹار نے اپنی آواز کے تحفظ کیلئے قانونی کارروائی کا آغاز کیا ہے کیونکہ اے آئی کے ذریعے جعلی مواد تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ ٹیلر سوئفٹ کی کمپنی نے 24 اپریل کو امریکی پیٹنٹ اینڈ ٹریڈ مارک آفس میں تین ٹریڈ مارک درخواستیں دائر کیں، جن میں ’ہے‘، ’ہے، اٹس ٹیلر سوئفٹ‘ اور ’اٹس ٹیلر سوئفٹ‘ کے ساونڈ مارکس شامل ہیں۔
تیسری درخواست ایک ویڑولز سے متعلق ہے جس میں انہیں گلابی گٹار کے ساتھ سٹیج پر کھڑے، رنگین لباس اور چاندی کے جوتے پہنے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ درخواستوں کی مزید تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔ اس اقدام کیساتھ ٹیلر سوئفٹ ان ہالی ووڈ شخصیات میں شامل ہوگئی ہیں جو اے آئی کے غلط استعمال سے بچاو کیلئے قانونی تحفظ حاصل کر رہی ہیں۔
اسی سلسلے میں آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار میتھیو میک کوناہی نے بھی اپنی آواز کے تحفظ کیلئے درخواست دائر کی ہے۔ ماہرین کے مطابق اے آئی کے بڑھتے ہوئے استعمال نے تفریحی صنعت اور تخلیقی دنیا کیلئے نئے خطرات پیدا کر دئیے ہیں جس کے باعث اب معروف شخصیات اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے قانونی راستہ اختیار کر رہی ہیں۔
امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اے آئی کیخلاف قانونی کارروائی


















