اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پٹرولیم مصنوعات پر ہدفی سبسڈی کیلئے وفاق ،صوبوں نے ٹیکنالوجی کی مدد سے نظام کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کرلیا۔
وزیر خزانہ اورنگزیب کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا، پٹرولیم ڈویژن نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہاملک بھر میں تیل کی فراہمی مستحکم و تسلی بخش ہے،وزارت آئی ٹی نے ہدفی سبسڈی کےلئے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نظام کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہامقصد شفافیت و موثر ترسیل یقینی بنانا ہے۔
اجلاس میں توانائی بحران کے پیش نظر موبائل ایپ کے ذریعے سبسڈی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ٹیکنالوجی کی مدد سے ہدفی سبسڈی کے نظام کو جلد حتمی شکل اور وفاق و صوبوں کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایندھن کی بلا تعطل فراہمی کو سراہتے ہوئے عوام میں بچت کے رجحان کو فروغ دینے پر زور دیا، سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچنا چاہیے ،بدلتی صورتحال کے مطابق متعدد پالیسی آپشنز تیار کیے جائیں۔
خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مزمل اسلم نے وفاقی حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا پاکستان نے خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں تیل کی فراہمی بہتر انداز میں برقرار رکھی ، بلوچستان کے وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے بھی اجلاس میں اپنی تجاویز پیش کیں۔
وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہا صورتحال کو چیلنج کی بجائے اصلاحات کے موقع کے طور پر دیکھا جانا چاہیے ،ٹیکس و سبسڈی نظام میں شفافیت ،بہتری کےلئے ڈیٹا پر مبنی فیصلوں کی ضرورت،عوام میں ذمہ دارانہ استعمال کے رجحان کو فروغ دینا ہوگا۔
پٹرولیم مصنوعات پر ہدفی سبسڈی، نظام کو جلد حتمی شکل دینے پر متفق



















