اسلام آباد:(بیورورپورٹ) معرکہ حق میں شاندار فتح کے ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان مونومنٹ پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا،صدر آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،سربراہ پاک فضائیہ ، سربراہ پاک نیوی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی، وفاقی وزرا سمیت دیگر اہم شخصیات ،غیر ملکی سفارتکاروں نے بھی شرکت کی ،تقریب کے آغاز پر قومی ترانہ بجایا گیا،تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے مارچ پاسٹ کیا اور سلامی دی۔
صدر آصف زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی، 10مئی پاکستانی تاریخ کا سنہری باب ہے،پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا حیران کن جواب دیا، بزدل دشمن نے رات کی تاریکی میں مساجد ،معصوم شہریوں پر حملہ کیا،افواج نے بھارت کے8 جدید لڑاکا طیارے مار گرائے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں بہترین مہارت دکھائی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا دشمن نے رات کی تاریکی میں حملہ کیا، سچائی کا چراغ جھوٹ کی پھونکوں سے بجھایا نہیں جا سکتا،معرکہ حق میں عوام سیسہ پلائی دیوار کی طرح افواج کے ساتھ کھڑے رہے ،معرکہ حق کاخلاصہ ہرطرف شاہینوں کا غلبہ ،دشمن کے طیاروں کا ملبہ تھا، دشمن کو4گھنٹے میں جنگ بندی کی درخواست کرنا پڑی،پاکستان کو عظیم فتح ملی، شہدا نے اپنے مقدس خون سے دھرتی کی آبیاری کی،بھارت کی جانب سے پہلگام کو جواز بناکر بے بنیادالزامات کی بوچھاڑ ،تحقیقات کی پیشکش ٹھکرائی گئی، دامن صاف تھا،صبر و تحمل کادامن نہ چھوڑا، کاکول اکیڈمی کے میدان سے دشمن کوانجام سے خبردار کیا۔
شہبازشریف نے کہا دشمن نے مساجد، بچوں کو نشانہ بناکربلااشتعال جنگ کو مسلط کیا، بہادرافواج نے تاریکی میں کیے گئے حملے کا تاریخی جواب دیا، شاہین جھپٹے تو دشمن کوجان کے لالے پڑگئے، ہرطرف شاہینوں کاغلبہ،دشمن کے طیاروں کاملبہ تھا،منہ توڑ جواب پر دشمن 4گھنٹے میں جنگ بندی کی درخواست کرنے پر مجبور ہوا، ٹرمپ نے لمحہ ضائع کئے بغیرجنگ بندی کرائی ،امریکی صدرنے کروڑوں جانوں کو بچانے میں اہم کردار ادا کیا، دونوں ایٹمی ممالک میں جنگ کاانجام بہت بھیانک ہوتا، خطے میں امن کے خواہاں ہیں،میں اور پوری قوم فیلڈمارشل کوسلام پیش کرتے ہیں، تاریخ دانش مندانہ، دلیرانہ قیادت کو سنہری حروف میں یادرکھے گی،سید عاصم منیر نے معرکہ حق میں شجاعت اوربہادری کے نئے باب رقم کئے۔
وزیراعظم نے کہا ایئرچیف مارشل ،شاہینوں کوبھی خراج تحسین پیش کرتاہوں،شاہینوں نے دشمن کے جہازوں کے پرخچے اڑائے، پاک بحریہ کے سربراہ ، ہر افسر اور جوان کو مبارکبادپیش کرتاہوں، دشمن سمندری حدودمیں آنے کی جرات نہ کرسکا،پاک فضائیہ کے جوانوں نے دشمن کی فضائی برتری کا پول کھول دیا،سچ کے بیانیے کی فتح ،بھارت پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا ایک بھی ثبوت نہ دے سکا،مادر وطن کےلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،10 مئی کو یوم معرکہ حق سے منسوب کرتا ہوں،ہرسال تاریخ دن کوتعطیل کے بغیر جوش وجذبے سے منایا جائے گا۔
شہبازشریف نے کہا چین نے معرکہ حق میں پاکستان کی بھرپورحمایت کرکے دوستی کاحق اداکیا، دونوں ممالک کی دوستی ہمالیہ سے بلند اور شہد سے میٹھی ہے،ترک صدر،سعودی ولی عہد کے بھی مشکور ہیں،پاکستان خطے میںامن قائم کرنے کےلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لارہا ہے، 1979 کے بعد امریکہ،ایران کو مذاکرات پر لانے میں اہم کردار ادا کیا، فیلڈ مارشل نے بتایا ایران کا جواب موصول ہوگیا ،پاکستان ہمیشہ مظلوم اقوام کے حقوق ،انصاف کےلئے توانا آواز بن کرکھڑا ہوا ہے، فلسطین ،مقبوضہ کشمیر کےلئے ہر سطح پر آواز اٹھائی۔
وزیراعظم نے کہا مقبوضہ کشمیر کیلئے حمایت ،جدوجہد جاری رہے گی،پاکستان نے دہشتگردی کےخلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دیں، نوجوان ہی سب سے بڑا قیمتی اثاثہ ہیں،وطن عزیز سے دہشتگردی کے خاتمے کےلئے پرعزم ہیں، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کو ختم کرکے دم لیں گے۔
معرکہ حق کاخلاصہ ہر طرف شاہینوں کا غلبہ ،دشمن کے طیاروں کا ملبہ تھا،وزیراعظم


















