تمام ادارے حدود میں کام کریں تو امن قائم اور کوئی مسئلہ نہ رہے، سہیل آفریدی


باجوڑ،پشاور: (بیورورپورٹ)وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے ضم اضلاع کی ترقی کےلئے ایک ہزار ارب کے قبائلی پیکیج کااعلان کرتے ہوئے کہاہے خطے میں امن کے قیام کےلئے قبائلی مشران کی جدوجہد قابل تحسین ہے۔

باجوڑ میں قومی امن جرگہ قائدین سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہاامن کے بغیر ترقی و خوشحالی ممکن نہیں،مقصد کیلئے سب کو ایک پیج پر آنا ہوگا ،ضم اضلاع کی ترقی کےلئے قبائلی پیکیج سے علاقے میں بنیادی سہولتوں و ترقیاتی منصوبوں کو فروغ ملے گا،سب متفق ہیں آپریشن مسئلے کا حل نہیں کیونکہ جنگ نے انفراسٹرکچر، اداروں،نوجوانوں کو نقصان پہنچایا مزید ایسی صورتحال کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کوشش ہے ماضی جیسے حالات دوبارہ پیدا نہ ہوں،تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر پیشہ ورانہ فرائض انجام دیں تو امن خود بخود قائم اورکوئی مسئلہ نہ رہے،جدوجہد جاری رکھیں گے،صحت و تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔