اسلام آباد: (بیورورپورٹ) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی وزیراعظم شہبازشریف،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کےساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ،امن مذاکرات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال، تعلقات و سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
عباس عراقچی وزیر اعظم ہاوس پہنچے،شہبازشریف کےساتھ ملاقات کے دوران اسحاق ڈار ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود رہے،خطے کی موجودہ صورتحال ،دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے وزیراعظم کو ایرانی قیادت کے موقف اورامریکہ کےساتھ مذاکراتی امور پر خدشات سے آگاہ کیا،شہباز شریف نے خطے میں امن و استحکام کیلئے سفارتی کوششوں کے فروغ پر زور دیا، دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات و باہمی تعاون بڑھانے، امن، استحکام اور بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل پر اتفاق کیا۔
قبل ازیں ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے فیلڈمارشل عاصم منیرسے ملاقات کی، وزیر داخلہ محسن نقوی،مشیر قومی سلامتی عاصم ملک بھی موجود تھے،علاقائی صورتحال ،دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات کے دوران ایران ،پاکستان نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ پر زور دیا اور تعلقات و سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
بعدازاں اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی ،وفد سے ملاقات کر کے خوشی ہوئی،موجودہ علاقائی صورتحال پر نہایت خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں تبادلہ خیال کیا گیا،خطے میں جاری پیشرفت پر تفصیلی گفتگو ،دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے سمیت باہمی دلچسپی کے امور بھی زیر بحث آئے،پاکستان خطے میں امن، استحکام اور سفارتی روابط کے فروغ کےلئے اپنا کردار جاری رکھے گا۔
ادھر اسحاق ڈار نے اپنے پیغام میں کہا وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی وزیراعظم ہاوس میں ملاقات تقریباً 2گھنٹے جاری رہی،شہباز شریف نے خطے میں امن کےلئے مکالمے اور سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیااورخطے میں امن و استحکام کےلئے سفارتی کوششوں کا اعادہ کرتے ہوئے کہامسائل مذاکرات اور ڈائیلاگ کے ذریعے حل کیے جائیں۔
دریں اثنا خطے کی تازہ ترین صورتحال پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہاسہولت کاری عمل پر سرکاری ذرائع سے جاری کردہ بیانات ہی پاکستان کی اصل پالیسی کے عکاس ہیں،بے نام حکام یا ذرائع سے منسوب خبریں چاہے وہ پرنٹ میڈیا پر ہوں یا سوشل میڈیا پرپاکستان کے سرکاری موقف کی نمائندگی نہیں کرتیں،اسحاق ڈار نے کہاپاکستان خطے کے وسیع تر مفاد میں ایران امریکہ مذاکرات کےلئے کوششیں مسلسل جاری رکھے گا،پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا قیاس آرائیوں سے گریز کرتے ہوئے صرف سرکاری بیانات نشر کرے۔
علاوہ ازیں نائب وزیراعظم سے ترکیہ کے وزیرخارجہ ہاقان فیدان اور مصری وزیرخارجہ بدر العاطی کا ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا، اسحاق ڈار نے دونوں دوست ممالک کے وزرائے خارجہ کو پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہاامن و استحکام کیلئے مذاکرات و سفارت کاری ہی واحد موثر راستہ ہے۔
ایرانی وزیرخارجہ کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں،پاکستان امن کیلئے کردار جاری رکھے گا،وزیراعظم

















