اسلام آباد (بیورو رپورٹ) بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی، ذاتی معالجین سے ملاقات کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے میڈیکل بورڈ کی تشکیل ، رپورٹ سے ہسپتال منتقلی کو مشروط کیا تھا،بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی اور ذاتی معالجین سے ملاقات کے معاملے پر سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی گئی، عظمیٰ خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہائیکورٹ نے فیصلے میں حقائق کو مدنظر نہیں رکھا ، علاج کی سہولت فراہم کرنے کے بجائے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا، ہائیکورٹ کا حکم بامقصد نہیں تھا اور سابقہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کو بھی نظر انداز کیا گیا، درخواست گزار کے مطابق وہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں فریق نہیں تھیں تاہم متاثرہ فریق ہیں، اپیل میں استدعا کی گئی ہے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقل کرنے اور ان سے ذاتی معالجین کی ملاقات کے احکامات جاری کیے جائیں۔
بانی پی ٹی آئی کی صحت کا معاملہ، اسلام آباد ہائیکورٹ کا میڈیکل بورڈ بنانے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج



















