وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے دنیا کو تباہی سے بچا لیا،سیاسی قیادت


اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،وقائع نگار)سیاسی رہنماﺅں نے امریکہ ایران جنگ بند کرانے میں اہم کردار پر وزیراعظم شہباز شریف ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا بروقت سفارتی کوششوں نے ممکنہ بڑے تنازع کو ٹال کر دنیاکو تباہی سے بچا لیا۔

وزیر وفاع خواجہ آصف نے کہا پاکستان دنیا کی بڑی جنگ رکوانے میں کامیاب ،مودی فارغ ہوگیا، پلے کچھ نہیں رہا بھارتی میڈیا اب تڑپتا رہےگا،سب کو بہت بہت مبارک ہو،پوری دنیا نے پاکستان کو بااعتماد ثالث کے طور پرتسلیم کرلیا،عرب بھائیوں،عالمی طاقت امریکہ سمیت پوری دنیا کی نظریں پاکستان پر مرکوز ہیں،جنگ بندی میں کامیابی کے بعد پاکستان سیاسی طور پر نئے دور میں داخل اب استحکام بھی ہوگا اورمعیشت پر توجہ مرکوز کرسکیں گے۔

خواجہ آصف نے کہا صہیونیوں کی سازشیں پاکستان روک سکتا ہے، امن کے بعد مسلم ممالک کو پہرا دینا ہوگا، سول و عسکری قیادت پر مشتمل ہائبرڈ ماڈل نے 2 ،3سال میں بے پناہ کامیابیاں سمیٹیں، ثابت ہوتا ہے طاقت کے مراکز ملکرکام کریں تو پاکستان عالمی سطح پرکتنی کامیابیاں حاصل کرسکتا ہے،5گنا بڑے شمن کو دھول چٹائی بھارت ابھی تک اپنی عزت بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے،بحیثیت قوم اب داخلی محاذ، معیشت و دہشتگردی سے نمٹنے کی ضرورت ہے،افغانستان میزبانی کا لحاظ نہیں کرتا تو پھرکوئی آپشن نہیں۔

وزیر اطلاعات عطا تارڑ،طارق فضل چودھری،اویس لغاری،امیر مقام،شزا فاطمہ ،علیم خان ودیگر نے کہا سیز فائر کا اعلان اور فوری عملدرآمد بڑی کامیابی ، عالمی سطح پر پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہا جا رہا ہے،وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزارت خارجہ تمام عمل میں بھرپور طور پر متحرک رہی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کہا وہ وزیراعظم ،فیلڈ مارشل کےساتھ رابطے میں رہے ،پورا خطہ بچ گیا ، دیرپا امن کیلئے بہت کام کرنے کی ضرورت ہے،پاکستان کو نوبل کاامن انعام ملنا چاہیے۔

پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہاوزیراعظم شہباز شریف ،فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بروقت سفارتی کوششوں نے ممکنہ بڑے تنازع کو ٹال کر خطے کو تباہی سے بچایا،دانشمندانہ حکمت عملی سے مذاکرات کی راہ ہموار ،عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت کردار نمایاں ہوا۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا سیز فائر میں پاکستان کا مثبت و موثر کردار بڑی سفارتی کامیابی ،دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں، درست سیاسی و سفارتی حکمت عملی کے باعث پاکستان کھویا مقام دوبارہ حاصل کر رہا ہے،وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے ثابت کر دیاپاکستان نہ صرف خطے بلکہ دنیا میں امن کا اہم ستون بن چکا ۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا امن کےلئے کردار قابل فخر ،پاکستان نے دانشمندی، عزم ،امن کےلئے پختہ عہد کےساتھ قیادت کا کردار ادا کیا،جنگ بندی کی بدولت کشیدگی میں کمی آئی ،سفارتکاری کو فروغ ملا،امید ہے جنگ بندی محض عارضی وقفہ کی بجائے دیرپا امن کی بنیاد بنے گی۔