اسلام آبا د،تہران:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز) پاکستانی سفارتی کوششوں کے مثبت نتائج،امریکہ ،ایران مذاکرات کا دوسرا دور جلد متوقع ،ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے دورہ اسلام آباد، مسقط، ماسکو کا اعلان کردیا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے پیغام میں کہا اسلام آباد، مسقط ،ماسکو کے دورے کا آغاز کر رہا ہوں، مقصد شراکت داروں کےساتھ علاقائی پیشرفت پر مشاورت کرنا ہے، ہمسایہ ممالک ترجیح ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایرانی وفد وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کرےگا، ملاقات میں عسکری قیادت بھی موجود ہوگی،پاکستانی مصالحتی ٹیم سے اہم بات چیت ،گفتگو کے نتیجے میں امریکہ ،ایران کے درمیان اسلام آباد امن مذاکرات کا دوسرے راونڈ جلد متوقع ہے،امریکہ کی لاجسٹک ، سکیورٹی ٹیم مذاکراتی عمل کیلئے پہلے سے ہی اسلام آباد میں موجود ہے۔
قبل ازیں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستانی سیاسی و عسکری قیادت سے ٹیلیفونک رابطے کر کے خطے کی صورتحال اور جنگ بندی کے امور پر تبادلہ خیال کیا،اسحاق ڈار ،فیلڈ مارشل عاصم منیر سے علیحدہ علیحدہ گفتگو کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ٹیلیفون کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گفتگو میں خطے کی صورتحال ، جنگ بندی ،اسلام آباد کی جانب سے امریکہ ایران رابطوں میں جاری سفارتی کوششوں پرتبادلہ خیال کیاگیا۔
اسحاق ڈار نے مسائل کے حل کےلئے مسلسل مذاکرات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاخطے میں امن و استحکام کےلئے فوری پیشرفت ناگزیرہے،عباس عراقچی نے پاکستان کے تعمیری و مثبت کردار کو سراہا اور دونوں رہنماوں نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
دریں اثناایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ٹیلیفون کے بعد اسحاق ڈار نے وزیراعظم شہبازشریف سے رابطہ کرکے پیشرفت سے آگاہ کیا،دونوں رہنماﺅں نے خطے کی سکیورٹی صورتحال، کشیدگی میں اضافے کے خدشات ،ایران امریکہ مذاکرات کے دوسرے دور پر تفصیلی تبادلہ خیال اور سفارتی پیشرفت کا جائزہ لیا۔
وزیراعظم نے ایرانی وفد کی آمد کو اہم سفارتی پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا بدلتی صورتحال پر نظر ،اعلیٰ سطح کے سفارتی روابط تیز اور مشاورت جاری رکھی جائے،کشیدگی میں کمی ، اعتماد سازی اورمذاکراتی عمل آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں۔
علاوہ ازیں کثیرالجہتی ،سفارتکاری کے ذریعے امن کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا عالمی پیچیدہ سکیورٹی چیلنجز کے باوجود پاکستان دنیاوی امن کیلئے کوشاں ہے،علاقائی ،عالمی امن و سلامتی کےلئے بات چیت اور سفارتکاری کے راستے کو فروغ دے رہے ہیں۔
شہبازشریف نے اقوام متحدہ چارٹر اصولوں کے مطابق مذاکرات، تعاون و تنازعات کے پرامن حل کےلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاخطے میں ثالثی کوششیں انہی اصولوں پر کاربند ہیں، پاکستان اقوام متحدہ چارٹر کےساتھ مستقل وابستگی، امن کی خواہش اور بین الاقوامی تعاون کی رہنمائی میں اختلافات ختم کرنے ،امن کے قیام اور ہم آہنگی کے فروغ کےلئے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی ہائی الرٹ ،ریڈ زون میں داخلہ بدستور بند اور پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹیوں پر پہنچنے کی ہدایت کردی گئی ۔
عباس عراقچی کادورہ اسلام آباد، مسقط، ماسکو کا اعلان،ایرانی وفد کی پاکستان آمد اہم سفارتی پیشرفت

















