بنکاک (مشرق نیوز) ویمنز کے بعد پاکستان کی مینز فٹ سال ٹیم نے بھی انٹرنیشنل مقابلوں میں پہلی فتح حاصل کرکے تاریخ رقم کردی۔ تھائی لینڈ میں جاری ساف فٹ سال چیمپئن شپ کے مینز ایونٹ میں پاکستان نے اپنے دوسرے میچ میں بھوٹان کو شکست دی۔
بنکاک کے انڈوور سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کی ابتدا میں پاکستان کو 0-2 کا خسارے کا سامنا تھا تاہم ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے 2-4 سے کامیابی اپنے نام کی۔ عدنان اشفاق نے صرف ایک منٹ کے دوران 2 گول اسکور کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا جبکہ کیپٹن (ر) حسن ظفر خان اور آصف احمد چوہدری نے ایک ایک گول سکور کیا۔
یہ پاکستان کی انٹرنیشنل فٹ سال مقابلوں میں پہلی کامیابی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان کو ایونٹ کے پہلے میچ میں مالدیپ کے ہاتھوں 1-7 سے شکست ہوئی تھی۔ گزشتہ روز پاکستان ویمنز ٹیم نے بھی سری لنکا کو شکست دیکر انٹرنیشنل فٹ سال مقابلوں میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کی تھی۔
ویمنز کے بعد مینز فٹ سال ٹیم نے بھی انٹرنیشنل مقابلوں میں تاریخ رقم کردی


















