لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گذشتہ روز کراچی میں بوہرہ کمیونٹی کے ہسپتال اور الجامعتہ السیفیہ مرکز کا دورہ کیا۔ دورہ کے موقع پر پاکستان میں بوہرہ کمیونٹی کے پاکستان میں سرپرست کمیل یونس اور ان کے بیٹے حسین کمیل بھی ہمراہ تھے۔ گورنر پنجاب نے بوہرہ کمیونٹی کے سربراہ سیدنا مفضل سیف الدین کو اس سال پنجاب میں محرم منانے کی دعوت دی بھی دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ بوہری کمیونٹی کی سماجی خدمات اور ملک کی معاشی ترقی میں حصہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ دینی تربیت بڑی اہمیت کی حامل ہے۔مذہبی تعلیمی اداروں میں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کو امن بھائی چارے اور برداشت کا بھی درس دینا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب اور تمام فرقوں کے ماننے والوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ پاکستان پر امن ملک ہے اور مذاہب کی آڑ میں فرقہ وارایت پھیلانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔گورنر پنجاب نے الجامعتہ السیفیہ کے مختلف شعبہ جات کا بھی دورہ کیا۔ علاوہ ازیں،گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے خیبر میں 22 بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کو مشترکہ آپریشن کے دوران ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔انہوں نے دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے بچے کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ قوم وطن عزیزسے دہشت گردی کے ناسورکے خاتمے کے عزم میں اپنی سکیورٹی فورسزکے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
پاکستان پر امن ملک ،مذاہب کی آڑ میں فرقہ واریت پھیلانے کی اجازت نہیں:گورنر پنجاب


















