پاکستان کا مقامی الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ ای او تھری کامیابی سے لانچ


راولپنڈی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)خلائی ٹیکنالوجی میں اہم سنگ میل عبور ،پاکستان نے مقامی الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ ای او تھری کامیابی سے لانچ کردیا۔

آئی ایس پی آرکے مطابق مقامی سطح پر تیار کردہ الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ چین کے تائی یوان لانچ سینٹر سے خلا میں بھیجا گیا،ای او3 سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ پاکستان کی خود انحصاری و تکنیکی مہارت کے سفر میں بڑی پیشرفت ہے ،سیٹلائٹ جدید امیجنگ ڈیٹا فراہم ،شہری منصوبہ بندی، قدرتی آفات سے نمٹنے، غذائی و ماحولیاتی تحفظ جیسے اہم شعبوں میں انقلاب برپا کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

اعلامیے میں کہا گیا ای او 3 سیٹلائٹ مربوط ارتھ آبزرویشن سسٹم کی بنیاد رکھنے کےساتھ قومی ترجیحات کے مختلف شعبوں میں معاون ثابت ہوگا،وزیراعظم شہباز شریف نے سپارکو کے انجینئرز ،سائنس دانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں و عزم کو سراہا اور خلائی شعبے میں پاکستان کے دیرینہ دوست چین کے مسلسل تعاون کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔