فیفا کا ورلڈکپ 2026ءکیلئے انعامی رقم میں بہت بڑا اضافہ

وینکوور (مشرق نیوز) فٹ بال کی عالمی تنظیم نے 2026ءورلڈ کپ کیلئے انعامی رقم میں نمایاں اضافہ کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق فیفا ورلڈکپ 2026 کی مجموعی انعامی رقم 871 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے جو ٹورنامنٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔

یہ فیصلہ وینکوور میں منعقدہ فیفا کونسل اجلاس میں منظور کیا گیا تاہم فیفا کو ٹکٹوں کی قیمتوں اور تجارتی شراکت داریوں پر تنقید کا سامنا بھی ہے۔ ٹیموں اور انعامی رقم بلکہ کے لحاظ سے یہ اب تک کا سب سے بڑا ایونٹ ہے۔ اس بار ایونٹ کیلئے مختص رقم گزشتہ ایونٹ کے مقابلے میں لگ بھگ دوگنا زیادہ ہے۔

ایونٹ کی تیاری کیلئے ہر ٹیم کو 15 لاکھ ڈالرز سے بڑھا کر اب 25 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے جبکہ کوالیفائی کرنے پر ایک کروڑ ڈالرز ملیں گے جبکہ 2022 میں 90 لاکھ ڈالرز دئیے گئے تھے یعنی محض کوالیفائی کرنے پر ہی ہر ٹیم کو ایک کروڑ 25 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم مل جائیگی جبکہ مزید رقم ان کی کارکردگی کے مطابق دی جائیگی۔

ایونٹ کے فاتح کو 5 کروڑ 35 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے جبکہ 2022 کی فاتح ٹیم ارجنٹینا کو 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز دئیے گئے تھے۔ اس طرح رنراپ ٹیم 3 کروڑ 65 لاکھ ڈالرز کی حقدار ہوگی جبکہ 2022 میں رنر اپ ٹیم کو 3 کروڑ ڈالرز دیے گئے تھے۔

تیسری پوزیشن پر رہنے والی ٹیم کے حصے میں 3 کروڑ 25 لاکھ ڈالرز آئیں گے جبکہ چوتھے نمبر کی ٹیم 3 کروڑ 5 لاکھ ڈالرز کی حقدار ہوگی۔ پانچویں سے آٹھویں پوزیشن پر رہنے والی ہر ٹیم کو 2 کروڑ 25 لاکھ ڈالرز جبکہ نویں سے سولہویں نمبر پر رہنے والی ہر ٹیم کے حصے میں ایک کروڑ 85 لاکھ ڈالرز آئیں گے۔

17 سے 32 ویں پوزیشن والی ہر ٹیم کو ایک کروڑ 45 لاکھ ڈالرز جبکہ 33 ویں سے 48 ویں نمبر پر رہنے والی ہر ٹیم ایک کروڑ 25 لاکھ ڈالرز کی حقدار ہوگی۔ ایونٹ کے دوران مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ 2022 کے ایونٹ میں 64 میچز کھیلے گئے تھے۔