قومی مفاد سب سے مقدم ،ملک کیخلاف پروپیگنڈا ناقابل برداشت ہے،وفاقی وزرا


اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے ملک کےخلاف پروپیگنڈا ناقابل برداشت، ایسی حرکت کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا مشرق وسطیٰ کی صورتحال میں پاکستان کا کلیدی کردار اب واضح طور پر سامنے آ رہا ، عالمی برادری پاکستان کی سفارتی کوششوں کو تسلیم کر رہی ، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سفارتی محاذ پر پاکستان کا لوہا منوایا، ہمسایہ ملک بھارت پاکستان کی سفارتی کامیابیوں سے پریشان ہے، پاکستان دنیا میں موثر اور بھرپور آواز کے طور پر سامنے آیا اور جنیوا اجلاس میں غیر معمولی صورتحال دیکھنے میں آئی۔

وزیر اطلاعات نے واضح کیا کوئی سیاسی لیڈر ملک سے بڑا نہیں، تنقید سب کا حق ہے لیکن ملک کا وقار داو پر نہیں لگایا جا سکتا، قومی مفاد سب سے مقدم ہے اور کوئی سیاسی جماعت یا شخصیت ملک سے مقدم نہیں ہو سکتی، سب مملکت پاکستان کے مرہون منت ہیں، سیاسی مخالفت میں ملک کی تضحیک ناقابل برداشت ہے، معرکہ حق کی فتح نے پاکستان کا مقام بڑھایا ، موجودہ صورتحال میںشخصیت یا انا پرستی ملک کےلئے نقصان دہ ہے۔

عطا تارڑ نے کہا بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کو نائیکوپ پر پاکستان آنے کا کہا گیا تاہم وہ نائیکوپ کے بجائے دیگر ذرائع پر لگے رہے، پاکستان کو دنیا بھر میں ایک ذمہ دار ملک سمجھا جاتا ہے،پی ٹی آئی نے اپنے دور میں ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پر لا کھڑا کیا یہاں تک دعائیں کی گئیں پاکستان ڈیفالٹ کر جائے۔

وفاقی وزیر نے عارف اجاکیہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا وہ برطانیہ میں بھارت کے حق میں مہم چلاتے اور پاکستان کےخلاف پروپیگنڈا کرتے رہے ہیں، زلفی بخاری اینڈ کمپنی پر بھی پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا، پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاونٹس سے اسرائیل کی مذمت نظر نہیں آئی۔

مزید بر آں وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا زلفی بخاری اور بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کی حالیہ سرگرمیاں واضح سیاسی ایجنڈے کی عکاسی کرتی ہیں، سیاسی مقاصد کےلئے پاکستان کے قومی مفادات کو پس پشت ڈال کر ذاتی بیانیہ کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں طارق فضل چودھری نے کہا عارف اجاکیہ جیسے متنازع اور پاکستان مخالف بیانیہ رکھنے والے افراد سے ملاقاتیں کسی عام سیاسی عمل کا حصہ نہیں، ملاقاتیں سوچے سمجھے بیانیے کا تسلسل محسوس ہوتی ہیں، کچھ عناصر عالمی سطح پر پاکستان کےخلاف فضا بنانے میں مصروف ہیں۔