پاکستان کو اندرونی استحکام کی ضرورت ہے :احسن اقبال

لاہور (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے پاکستان کو اندرونی استحکام کی ضرورت ہے اور دشمن کے مقابلے کےساتھ ساتھ معرکہ ترقی بھی جیتنا ہے،ترقی کے سفر میں مشکلات آتی رہی ہیں لیکن عزم بلند ہے اور پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے،حکومت کا ویژن نوجوانوں کو ڈیجیٹل دنیا سے جوڑنا ہے تاکہ وہ تعلیم، تحقیق اور جدت کے میدان میں آگے بڑھ سکیں،آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے منصوبوں پر ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے جبکہ آئی ٹی پروگرامز اور انٹرپرینیورشپ کے ادارے بھی قائم کیے جا چکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر احسن اقبال نے یو ای ٹی لاہور میں پرائم منسٹر لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے وفاقی وزیر احسن اقبال کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کے فوکل پرسن برائے یوتھ رضوان انور بھی موجود تھے جنہوں نے لیپ ٹاپ سکیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔وفاقی وزیر نے تقریب کے دوران 2025 تک کے تمام سپرنگ سیشنز کے طلبہ میں مکمل میرٹ کی بنیاد پر 769لیپ ٹاپ تقسیم کیے ۔احسن اقبال نے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا لیپ ٹاپ مکمل شفافیت اور میرٹ پر دیئے گئے ہیں اور حکومت کا ویژن نوجوانوں کو ڈیجیٹل دنیا سے جوڑنا ہے تاکہ وہ تعلیم، تحقیق اور جدت کے میدان میں آگے بڑھ سکیں، ٹیکنالوجی تک رسائی نوجوانوں کو نئے مواقع فراہم کرے گی اور ہم چاہتے ہیں غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ بھی آگے بڑھیں اور پاکستان کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔