خطے میں نئی جنگ کے اثرات،پٹرول، ڈیزل55 روپے لٹر مہنگا

اسلام آباد(بیورو رپورٹ) خطے میں نئی جنگ کے اثرات،حکومت نے پٹرول، ڈیزل55,55 روپے لٹر مہنگا کر دیا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار، سینیٹر اورنگزیب ،علی پرویز ملک نے کہا مشکل فیصلہ کرنا مجبوری، وزیراعظم معاملے پر بہت فکر مند،معاملات بہتر ہوتے ہی اسی پھرتی کے ساتھ قیمتیں کم کریں گے۔

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا دنیا بھرمیں پٹرول کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، وزیراعظم کی ہدایت پر بنی کمیٹی مسلسل پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی اورقیمتوں کا جائزہ لے رہی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کوشش ہے عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے ، تمام مختلف ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ خطےمیں کشیدگی کو کم سے کم کیا جا سکے۔

سینیٹر اورنگزیب نے کہا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیادوں پر خطیر اضافہ ہو رہا ہے،توانائی اور پاکستان کی معیشت ایک دوسرے سے جڑے، شکر ہے میکرو سٹیبلٹی کے حوالے سے اچھی پوزیشن پر ہیں، ڈیمانڈ مینجمنٹ اور لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے وزیر پٹرولیم نے بہت کوششیں کیں، وزیراعظم کی ہدایت پر اگلے 2 دنوں میں چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکرٹریز سے ملاقات کریں گے۔

وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا وزیراعظم، نائب وزیراعظم اور وزیر خزانہ کا مشکور ہوں،غیر معمولی حالات سے گزر رہے ہیں،موجودہ صورتحال ختم ہونے کی کوئی تاریخ متعین نہیں۔


علی پرویز ملک نے کہا بحیثیت قوم نظام کو ذمہ داری سے چلانے کی کوشش کرنی چاہیے، مقصد میں قیمت کا بنیادی کردار ہے، جیسے ہی صورتحال بہتر ہوگی قیمتوں کو واپس اپنی سطح پر لائیں گے، ایندھن کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔