اسلام آباد:(بیورورپورٹ)نئی تاریخ رقم،فائیو جی سپیکٹرم 507 ملین ڈالر میں نیلام،آکشن کے نتائج کا اعلان کردیا گیا۔
اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ہونےوالی تقریب میںوفاقی وزرا،سینیٹر اورنگزیب، شزا فاطمہ، عطا تارڑ نے چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل(ر) حفیظ الرحمان کے ہمراہ فائیو جی سپیکٹرم نیلامی کا آغاز کیا،ابتدائی طور پر ملک کے 5 شہروں میں فائیو جی کی فراہمی کیلئے نیلامی گئی، اہل 3ٹیلی کام کمپنیوںنے نیلامی میں حصہ لیااور ساری سلاٹس خرید لیں۔
چیئرمین پی ٹی اے جنرل (ر) حفیظ الرحمن نے آکشن نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا2300 اور 2600 میگا ہرٹز بینڈز کے تمام لاٹس فروخت ،3500 میگا ہرٹز کے 28 لاٹس میں سے 22 فروخت ہوئے، زونگ 110 ، یوفون 180 اور جاز نے 190 میگا ہرٹز خریدے،نیلامی سے کل 507 ملین ڈالر حاصل ،اگلے مرحلے میں جمعرات کو اجلاس میں مزید بات ہو گی۔
جنرل (ر) حفیظ الرحمن نے کہا سپیکٹرم کی نیلامی کو ممکن بنانے کیلئے تمام اداروں کا شکرگزار ہوں،پی ٹی اے، فریکوینسی ایلوکیشن بورڈ نے سپیکٹرم کی دستیابی ممکن بنائی ،5 جی انٹر نیٹ سروس سے ملک کے دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ کی جدید سہولت میسر ہوگی، انٹرنیٹ کی فراہمی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ بڑی رکاوٹ ہے،نئے دور کا آغاز ، پاکستان رائٹ آف وے چارجز ختم کر نےوالا ایشیا کا پہلا ملک ہے اب بال انڈسٹری کے کورٹ میں ہے،امید ہے انڈسٹری بھرپور شرکت کرے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب نے کہا آئی ٹی شعبے کیلئے بہت اہم دن ، ملکی معیشت مستحکم کرنے اور علاقائی صورتحال کے پیش نظر توانائی کی بچت کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، کوششیں کامیاب ،فائیو جی کی نیلامی کیلئے حکومت نے مکمل ایکوسسٹم بنایا، بلاک چین، اے آئی کی نئی انڈسٹری کی طرف بڑھ رہے ہیں،سپیکٹرم کی نیلامی سے آئی ٹی برآمدات بڑھیں گی، سب کیلئے سپیکٹرم کی ضرورت ہے،نیلامی کنیکٹوٹی کو بہتر بنائے گی، بہتر ڈیجیٹل رابطے سے تیز تر، سستی اور بہتر خدمات کی فراہمی کو ممکن بنانے میں مددملے گی ۔
شزا فاطمہ نے کہا نیلامی تاریخی قدم،پاکستان میں پہلی بار فائیو جی متعارف ، جدید دور میں آئی ٹی کی بہت اہمیت ،ملکی معیشت کی بنیاد انٹرنیٹ ، جدید انٹرنیٹ کی سہولت ہر ایک کی ضرورت ہے،اقدام کے بعد جلد فور جی سروس میں نمایاں بہتری نظر آئےگی ،آئندہ 6 ماہ کے اندر بڑے شہروں میں فائیو جی سروس دستیاب ہوگی،جدید ،تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی ترجیح ، ملکی ترقی میں ایس آئی ایف سی کا اہم کردار ہے، فائیوجی انٹرنیٹ کے بعد ترقی کی رفتار تیز ہوگی، وزیراعظم شہباز شریف کےساتھ فیلڈ مارشل بھی ہر مرحلہ عبور کرنے میں مکمل مدد دیتے ہیں۔
وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے کہا فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی سے پاکستان میں ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کے شعبے میں انقلاب آئے گا،وزیراعظم شہباز شریف کی واضح ہدایات ہیں پاکستان میں ہونے والی کسی بھی نیلامی کے عمل کو براہ راست نشر کیا جائے،فائیو جی سپیکٹرم کی شفاف نیلامی کے عمل کو پوری دنیا نے دیکھا ،ہر پہلو کو براہ راست نشر کیا گیا، کسی بھی نجی ادارے کا سرکاری شعبے پر اعتماد کا اظہار اور عمل کی شفافیت کو تسلیم کرنا بڑی کامیابی ، پبلک پرائیویٹ سیکٹرز باہمی تعاون سے کام کرتے ہیں تو معیشت کا پہیہ آگے بڑھتا ہے۔
نئی تاریخ رقم،فائیو جی سپیکٹرم 507 ملین ڈالر میں نیلام


















